گیس کی شکایت کے مریضوں کو کارڈیالوجی چیک اپ کا مشورہ – ڈاکٹر ضیاء حسینی سلمان
کھمم کے مشہور کارڈیالوجی اسپیشلسٹ ڈاکٹر ضیاء حسینی سلمان ایم ڈی نے اردو صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ آج کل گیس کی شکایت عام ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے مریضوں کو مشورہ دیا کہ گیس کی تکلیف میں زیادہ دواؤں پر انحصار نہ کریں بلکہ اس صورت میں ایک مرتبہ کارڈیالوجی ڈاکٹر سے معائنہ ضرور کروائیں، کیونکہ صحت کا خیال رکھنا نہایت ضروری ہے۔ خاص طور پر دل، شوگر، اور بلڈ پریشر کے مریضوں کو اضافی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر ضیاء حسینی سلمان نے اپنی تعلیم کا آغاز کھمم شہر میں کیا، اور حیدرآباد کے شادان میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس مکمل کرنے کے بعد کریلا سے ایم ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ انہیں کارڈیالوجی میں خصوصی سیٹ بھی حاصل ہوئی۔ وہ اس وقت کھمم کے جاگرت سوپر اسپیشلسٹ اسپتال میں کارڈیالوجی کے شعبے میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ڈاکٹر ضیاء نے اپنی زندگی کے ہر مرحلے میں نمایاں کارکردگی دکھائی اور قومی سطح پر بہترین ڈاکٹر کی حیثیت سے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا عزم ہے کہ مستقبل میں غریب اور نادار مریضوں کی مفت خدمت کریں گے۔ نوجوانوں کے لیے ان کا پیغام ہے کہ مضبوط عزم اور محنت سے آگے بڑھیں، اور اللہ پر بھروسہ رکھیں جو کہ کامیابی میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔