یونائیٹڈ سوسائٹی جگتیال کے زیر اہتمام تلنگانہ انسپریشن اور ٹیلنٹ ایوارڈز تقریب کا کامیاب انعقاد

جگتیال۔11 نومبر ( پریس نوٹ) اے آر گارڈن جگتیال میں یوم اردو اور یوم تعلیم کی مناسبت سے یونائیٹڈ سوسائٹی جگتیال کے زیر اہتمام تلنگانہ انسپریشن اور ٹیلنٹ ایوارڈز تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ تلنگانہ اقلیتی کمیشن کے چئیرمین طارق انصاری کی صدارت میں منعقدہ اس تقریب میں طاہر بن حمدان صر نشین تلنگانہ اردو اکیڈیمی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ چیف آرگنائزر محمود علی افسر نے خیر مقدمہ تقریر کی اور چیف اڈوائزر خان ضیاء نے علامہ اقبال اور مولانا آزاد کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوۓ صدرنشین اقلیتی کمیشن طارق انصاری نے اس ایوارڈ فنکشن کو ایک منفرد پروگرام قرار دیا۔ انہوں نے یوم اردو کی مبارکباد دینے ہوۓ علامہ اقبال کے ان اشعار کو دہرایا جو قوم و ملت کو دعوت عمل دیتے ہیں۔
چئرمین اردو اکاڈمی طاہر بن حمدان نےمخاطب کرتے ہوۓ کہا کہ اردو اکاڈمی اور ریاستی حکومت اردو زبان کے فروغ کے لئے سنجیدہ ہے اور اردو کے فروغ سے متعلق ہر ادارہ کی سرپرستی کی جائے گی۔ انہوں نے اردو اکاڈمی کے ایوارڈ س کا بھی اعلان کیا۔ مفتی عبدالغنی قاسمی صدر جمعیت العلماء نرمل نے اس موقع پر مخاطب کرتے ہوۓ کہا کہ ہماراملک ہمیشہ ہی سی یکجہتی اور امن کا گہوارہ رہا ہے لیکن کچھ عرصہ سے فرقہ وارانہ نفرت پھیلانے کی کوشش جاری ہے ان حالات میں بلا لحاظ مذہب ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد ایک بہترین خدمت ہے۔
اس موقع پر مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے تلنگانہ کے مختلف اضلاع کے 72 لوگوں کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ اردو جرنلزم کی طالبات سے بھی چئیرمین نے ملاقات کی۔ مہمانان اعزازی میں حافظ لئیق خان ، لیاقت علی محسن، ڈاکٹر عزیز سہیل شامل ہیں۔ خواجہ فصیح العابدین شیخ انور، عادل، پاشاہ نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔