ملک وشہرحیدرآباد میں فارمیسی کے طلبہ کیلئے کئی مواقع دستیاب : ڈاکٹرمحمد افتخار الدین
حیدرآباد(پریس نوٹ) چیئرمین میسکو ڈاکٹرمحمد افتخار الدین نے میسکو کالج آف فارمیسی،مستعدپورہ کاروان میں 63ویں قومی فارمیسی ویک کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگر فارمیسی کے طلبہ تحقیق پرتوجہ دیں تو طلبہ کا مستقبل روشن ہے
کیوں کہ حیدرآباد مستقبل میں فارمیسی دواساز کمپنیوں کامرکز بننے جارہا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ بی فارمیسی کے بعد بھی پڑھائی جاری رکھیں کیوں کہ اس کے بعد ان پر پڑھائی کازائددباؤ نہیں رہے گا۔انہوں نے طلبہ کومشورہ دیا کہ وہ متعلقہ مضمون کے رسائل وجرائد اوراس سے جڑی چیزوں کامطالعہ کرتے رہیں
اوراپنی بنیادی تعلیم کومزید مضبوط کریں تاکہ انہیں تحقیق میں مزید مدد مل سکے۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر سے زیادہ اہم کردار فارماسٹ کا ہوتا ہے۔پہلے ملک میں فارمیسی پرزیادہ توجہ نہیں دی جاتی تھی جبکہ بیرون ملک میں اس کی کافی اہمیت شروع سے رہی ہے۔ لیکن اب ہمارے ملک میں بھی فارمیسی کی طرف خاص توجہ دی جارہی ہے
۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرمرض کی پہچان کرتا ہے تو وہیں فارماسٹ دواتجویزکرتا ہے۔ فارمیسی بہت دلچسپ فیلڈ ہے۔ انہوں نے اساتذہ سے کہاکہ میسکو کا معیارتعلیم کومزید سے مزید بلند کرے تاکہ روزگار میں پہلی ترجیح میسکو کے طلبہ کوحاصل ہو۔انہوں نے کہاکہ میسکو کو فارمیسی ریسرچ سنٹر بنائیں گے۔ڈاکٹرظفر اللہ ہاشمی(جوائنٹ سکریٹری وکنوینر مسیکوکالج)نے اساتذہ اور طلبہ کو قومی فارمیسی ویک کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی
اور کہاکہ فارمیسی سماجی رابطے کا اہم ذریعہ ہے۔پہلے فارمیسٹ کی حیثیت صرف دوائیں دینے اور کمپاؤنڈر کی تھی لیکن اب ڈاکٹر سے زیادہ حیثیت فارماسٹ کوحاصل ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ فارماسٹ کوزیادہ سے زیادہ اپنے میدان میں آگے بڑھ کرمزید تحقیقات کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ فارمسٹ کوچاہئے کہ اگر ڈاکٹر کوئی دوائی تجویز کرتاہے توفارماسٹ کاکام ہے کہ وہ ڈاکٹرکو اس دوا کے منفی اثرات کے بارے میں بھی آگاہ کریں۔ ابتداء میں پرنسپل ڈاکٹر ہنمنت شاستری نے مہمانوں، اساتذہ اور طلبہ کاخیرمقدم کیا اور قومی فارمیسی ویک کے انعقاد کی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایاکہ جملہ 18زمروں میں مختلف مقابلہ جات منعقدکئے گئے اور ایک روزہ مفت میڈیکل کیمپ کابھی انعقادعمل میں لایاگیا
۔ جس سے 150سے زائد افراد نے استفادہ کیا۔ ان مقابلوں میں طلبہ نے آزادانہ کام کیسے کریں اور ڈاکٹروں کی عزت کیسے کرنا چاہئے وغیرہ کے بارے میں سیکھا۔ اس موقع پر بین کالج مقابلوں میں میسکو کالج آف فارمیسی کے جن طلبہ نے کامیابی حاصل کی ان میں انعامات کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ جلسہ کا آغاز ڈاکٹرفیضان سعید کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ اس موقع پراساتذہ،اسٹاف ممبرس، طلبہ اوردیگرموجودتھے۔