ادبی فورم ریاض کے زیرِ اہتمام ماہانہ ادبی نشست

ریاض ( سعودی عرب ) یکم دسمبر ( ای میل )سعودی عرب، ریاض کی معروف تنظیم ادبی فورم کے زیر اہتمام 29 نومبر کی شب ایک شاندار سنجیدہ و مزاحیہ طرحیین محفل کا صادق صاحب کے دولت خانے پر انعقاد عمل میں آیا جس کی صدارت حیدرآباد سے آئے مہمان شاعر حفیظ الرحمن راحیل نے کی ؛جبکہ نظامت کے فرائض سعید اختر اعظمی نے انجام دیئے۔
انتظامیہ نے حسب ذیل تین عدد طرحی مصرعے دیئے تھے:
*زندگی تو گزر ہی جاۓ گی*
*ذکر تیرا ترے حوالے سے*
*راستے خواب بھی دکھاتے ہیں*
محفل کا آغاز ادبی فورم کی روایت کے مطابق تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کی ذمہ داری عبدالرحمن راشد نے اپنی خوبصورت لحن سے کی. دورانِ مشاعرہ جمیل احمد نے اپنی مترنم آواز میں ہدیئہ نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔
ادبی فورم کی روایت کے مطابق پہلے نثری نشست ہوئی جس میں وسیم قریشی اور تنویر احمد تماپوری نے اپنی تخلیقات پیش کئے، اور پھر صادق صاحب کی طرف سے پرتکلف ناشتے کے بعد باضابطہ طرحی شعری نشست کا آغاز ہوا.
سعید اختر کی خوبصورت نظامت نے مشاعرہ کو کافی دلچسپ بنا دیا تھا۔ صدارتی خطبے میں صدرِ محفل حفیظ الرحمن راحیل نے ادباء و شعراء کے کلام کی خوب تعریف کی۔ واضح رہے کہ اس مشاعرے میں صرف ادبی فورم ریاض کے ادباء و شعراء ہی شریک رہے ۔ مشاعرہ مختلف مراحل طے کرتا ہوا تقریباً رات 10:30 بجے سعودی وقت کے مطابق صدر ادبی فورم طاہر بلال کے کلمات تشکر کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ مشاعرے میں جن شعراء حضرات نے کلام پیش کرکے داد و تحسین حاصل کی ان میں صدر ادبی فورم طاہر بلال، اکرم علی اکرمؔ، حسان عارفی، ضیا عرشی، جمیل احمد آکولوی، سعید اختر آعظمی،عبدالرحمن راشد
سراج عالم زخمی، قاضی منصور قاسمی، دانش ممتاز وسیم قریشی(افتخار راغب کا غائبانہ کلام) اور صدرِ محفل شامل تھے۔