تلنگانہ
گورنر تلنگانہ سے حکومت کے مشیر محمد علی شبیر کی ملاقات

تلنگانہ کے گورنر جیشنو دیو ورما سے حکومت کے مشیر برائے درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل، دیگر پسماندہ طبقات اور اقلیتیں، جناب محمد علی شبیر نے راج بھون میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران شبیر علی نے گورنر کو تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں 4 فیصد مسلم تحفظات پر عمل درآمد کے بارے میں واقف کروایا، مسلم تحفظات سے اب تک تلگو ریاستوں میں 20 لاکھ سے زائد غریب اور سماجی و معاشی طور پر پسماندہ مسلمانوں کو فائدہ ہوا ہے۔
انہوں نے گورنر کو اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے ریاستی حکومت کی دیگر اسکیموں کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں چیف منسٹر جناب اے ریونت ریڈی نے 28 مربوط رہائشی اسکولوں کا آغاز کیا ہے،
جو درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل، پسماندہ طبقات اور دیگر اقلیتوں کے ہزاروں طلباء کے لیے فائدہ مند ہوں گے۔