نوجوانوں کومنشیات سے روکنے کیلئے والدین کے ساتھ ساتھ اساتذہ کا بھی اہم کردار
کومی کے زیراہتمام مخالف منشیات میٹنگ سے سندیپ شنڈیلیا اوردیگر کاخطاب

نوجوانوں کومنشیات سے روکنے کیلئے والدین کے ساتھ ساتھ اساتذہ کا بھی اہم کردار
کومی کے زیراہتمام مخالف منشیات میٹنگ سے سندیپ شنڈیلیا اوردیگر کاخطاب
حیدرآباد(پریس نوٹ)اسکولس وکالجس کے معصوم بچوں کواگرکوئی پان شاپ یا دکان والا تمباکویا نشہ آور کوئی چیز فروخت کرتا ہے تواس کو سات سال کی سزا دی جائے گی۔ والدین کی بھی ذمہ داری ہے کہ بچہ اسکول یا کالج کیلئے جارہا ہے تو بے فکر نہ ہوجائیں بلکہ اس کی روزانہ کی مصروفیات کاجائزہ لیتے رہیں۔
ان خیالات کااظہا ر کانفیڈریشن آف مائناریٹی انسٹی ٹیوشنس کی جانب سے انسداد منشیات بیداری ریالی کے سلسلہ میں اردومسکن خلوت میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے سندیپ شنڈیلیا(آئی پی ایس، ڈائرکٹر تلنگانہ اینٹی نارکوٹکس بیورو) نے کیا۔ انہوں نے کہاکہ کومی کی جانب سے ایک لاکھ گھروں تک منشیات کے خلاف بیداری پیدا کرنے کی مہم قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈرگس کاایک یا دوبار استعمال کرنے سے کوئی بھی شخص اس کا عادی ہوجاتا ہے۔ اس لئے والدین کو بچوں میں ابتداء ہی اس پرسختی سے روک لگانے کیلئے کام کرنا چاہئے۔ انہو ں نے کہاکہ اساتذہ کابھی نوجوان طلبہ کو اس سے روکنے میں اہم رول ہوتا ہے
اس لئے انہیں کومی کی جانب سے منشیات کے خلاف بیداری پیدا کرنے کیلئے نکالی جانے والی ریالی میں بھرپور حصہ لینا چاہئے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ کونشہ سے پاک بنانے میں یہ ریالی اہم رول ادا کرے گی۔ ایس اے ہدا(سابق ڈائرکٹر جنرل آف پولیس، حکومت آندھرا پردیش)نے کہاکہ اینٹی نارکوٹکس بیورو کی جانب سے تلنگانہ میں نشہ کے خلاف کئے جانے والے اقدامات قابل ستائش ہیں۔انہوں نے نوجوانوں میں نشہ کی بڑھتی عادت پرتشویش کااظہار کیا اور کہاکہ قوم کے مستقبل کوبچانے کیلئے مجموعی طورپر سخت اقدامات ضروری ہیں۔صدر کومی ایم ایس فاروق نے اس موقع پر کہاکہ اس میٹنگ کامقصد تمام اسکولس وکالجس کے ذمہ داران کوایک پلیٹ فارم پرجمع کرتے ہوئے نوجوانوں میں بڑھتی منشیات کی لت سے سب کوواقف کروانا ہے۔
انہوں نے کہاکہ قومی کی ترقی کیلئے نشہ سے پاک سماج ضروری ہے۔ اس موقع پر انہوں نے تمام اسکولس وکالجس سے اپیل کی کہ وہ کومی کی جانب سے منشیات کے خلاف بیداری کیلئے بڑے پیمانے پر منعقد کی جانے والی ریالی میں شرکت کریں۔ اس سلسلہ میں وزیراعلیٰ تلنگانہ کی شرکت کیلئے تاریخ کاانتظار ہے جیسے ہی ان کی اجازت ملتی ہے ریالی کی تاریخ کااعلان کیاجائے گا۔
میٹنگ کاآغاز خلیل الرحمن (جنرل سیکریٹری) کے خیرمقدمی خطاب سے ہوا۔نظامت کے فرائض وسیم النساء (ایگزیکٹیو ممبر)نے انجام دیئے۔احمد ادریس شریف(کنوینر)اورسید جمال الدین قادری(شریک کنوینر)،محمد نذیر الدین، نسرین فاطمہ،آمنہ نادرا، وقار احمد خالدی، ڈاکٹر سید تقی الدین، محمد علی رفعت، ہدایت علی خان، اکرام ناصر، عبدالمحسن،منظور احمد کے علاوہ مختلف اسکولس وکالجس کے ذمہ داران،اساتذہ اوردیگرموجودتھے۔