ادارہ تعلیم الاسلام ٹرسٹ گلہ گوڑم کھمم کے زیر اہتمام آٹھویں جلسہ تکمیل حفظ قرآن کریم کا اہتمام

قرآن مجید کی تلاوت کے ساتھ معنی و مطالب کو بھی سمجھنا ناگزیر ہے۔ آج امت مسلمہ قرآن مجید سے دوری اختیار کیے ہوئے ہے جس کی وجہ سے باطل جماعتیں سر اٹھا رہی ہیں۔ مدارس اسلامیہ دین کے عظیم قلعے ہیں، قرآن مجید کی تفسیر اور احکامات کو علماء کی نگرانی میں سمجھنا اشد ضروری ہے۔
یہ خیالات ادارہ تعلیم الاسلام ٹرسٹ گلہ گوڑم کھمم کے زیر اہتمام منعقدہ آٹھویں جلسہ تکمیل حفظ قرآن کریم بعنوان "قرآن آپ سے کیا چاہتا ہے؟” میں صدر جلسہ حیدرآباد دکن کے مشہور و معروف عالم دین حضرت مولانا محمد عبد القوی صاحب ناظم و شیخ الحدیث ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد نے بیان کیے۔
صدر جلسہ مولانا محمد عبد القوی صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج امت مسلمہ قرآن مجید سے دوری اختیار کیے ہوئے ہے جس کی وجہ سے امت مسلمہ میں انتشار اور مصائب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ قرآن مجید کا پیغام قیامت تک آنے والے انسانوں کے لیے اللہ تعالٰی نے ہدایت کا ذریعہ بنایا ہے۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلمان اہتمام کے ساتھ قرآن مجید کی تلاوت کے ساتھ اس کے معنی و مفہوم کو علماء کرام کی نگرانی میں سمجھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج مسلم معاشرے میں باطل فرقے جو سر اٹھا رہے ہیں، اس کی بنیادی وجہ خود ساختہ اعتماد اور قرآن مجید کی تفسیر کو علماء کے علاوہ جاہلوں سے سمجھنا ہے۔ امت مسلمہ کا یہ عمل گمراہی کی طرف لے جانے والا ہے۔ قیامت کے قریب ہر شخص قرآن مجید کی تفسیر اور احادیث کی تشریح بیان کرے گا، وہ خود بھی گمراہ ہو گا اور امت کو بھی گمراہی کی طرف لے جائے گا۔ ایسی افراد سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔
مولانا عبد القوی صاحب نے اپنے ولولہ انگیز خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مدارس اسلامیہ دین کے عظیم قلعے ہیں۔ موجودہ پرفتن دور میں ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ مدارس اسلامیہ میں اپنے بچوں کو داخلہ دلوائیں اور مدارس اسلامیہ کا بھرپور تعاون کریں۔ حافظ قرآن کا مرتبہ بہت بلند ہے، اپنے بچوں کو بہترین انجینیئر، ڈاکٹر، وکیل کے ساتھ حافظ قرآن بھی بنائیں۔
اس موقع پر مولانا محمد سعید احمد صاحب قاسمی صدر جمعیت العلماء ضلع کھمم، مفتی جلال الدین صاحب قاسمی ناظم مدرسہ امداد العلوم کھمم نے بھی خطاب کیا۔ مفتی عبد الرؤف خان قاسمی ناظم ادارہ تعلیم الاسلام ٹرسٹ گلہ گوڑم کھمم نے ادارہ کی کارکردگی پیش کرتے ہوئے کہا کہ مدرسہ میں دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم کا بھی معقول نظم ہے۔ مدرسہ کا سالانہ خرچہ 48 لاکھ روپے ہے۔ تکمیل حفظ قرآن مجید مکمل کرنے والے 12 خوش نصیب طلباء کو مہمان علماء کرام کے ہاتھوں دستار فضیلت عطا کی گئیں۔ امتحان میں امتیازی نمبرات سے کامیاب ہونے والے تین طلباء کو سیکل انعام میں دی گئی۔ مہمان اور مقامی علمائے کرام کو ادارہ تعلیم الاسلام ٹرسٹ گلہ گوڑم کھمم کی جانب سے شال پوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی۔ مولانا محمد عبد القوی صاحب کی دعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔