چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ادا کیا بیرسٹر اویسی کا شکریہ

حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے قومی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے جسٹس سدرشن ریڈی کو نائب صدر کے عہدے کے لیے حمایت دینے کا اعلان کیا۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ بیرسٹر اویسی کی یہ حمایت نہ صرف تلنگانہ کے وقار کو بڑھاتی ہے بلکہ قومی سطح پر ایک مثبت اور مشترکہ مفاد کے جذبے کی عکاسی بھی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس سدرشن ریڈی ایک قابل اور باعزت قانون دان ہیں، اور ان کی شخصیت پر پورے ملک کو فخر ہے۔
چیف منسٹر نے اس موقع پر مزید کہا کہ تلنگانہ کی سیاست ہمیشہ سے قومی سیاست میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے اور اے آئی ایم آئی ایم کی یہ حمایت اس بات کا ثبوت ہے کہ قومی سطح پر بھی متحدہ سوچ اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ ریونت ریڈی نے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام سیاسی جماعتیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر ملک کے وسیع تر مفاد میں فیصلے کریں گی۔