گرل فرینڈ کو سوٹ کیس میں چھپا کر لے جانے کے واقعہ کا سچ

گرل فرینڈ کو سوٹ کیس میں لے جانے کا واقعہ… یونیورسٹی کا ردعمل
نئی دہلی: ہریانہ کے سونی پت میں واقع جندال یونیورسٹی (او پی جندال یونیورسٹی) سے وابستہ ایک طالب علم کی جانب سے اپنی گرل فرینڈ کو سوٹ کیس میں بٹھا کر بوائز ہاسٹل لے جانے کی کوشش کے حوالے سے سوشل میڈیا پر خبریں گردش کر رہی تھیں اب اس واقعے پر یونیورسٹی انتظامیہ نے باقاعدہ ردعمل ظاہر کیا ہے۔
یونیورسٹی حکام نے وضاحت کی ہے کہ لڑکی کو بوائز ہاسٹل لے جانے کی خبریں درست نہیں ہیں بلکہ یہ کچھ طالبات کی جانب سے مزاحاً کیا گیا ایک پرینک تھا۔یونیورسٹی کی چیف کمیونیکیشن آفیسر انجو موہن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد اعلیٰ حکام نے تحقیقات کا آغاز کیا، تاہم یہ معاملہ محض طلبہ کے ایک گروپ کی جانب سے تفریح کے طور پر کی گئی شرارت ثابت ہوا ہے۔
بیان کے مطابق چند لڑکیوں نے اپنی ایک سہیلی کو سوٹ کیس میں بٹھا کر کیمپس کے میدان اور چھت کی جانب لے جانے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی اسٹاف نے مشکوک حرکات دیکھ کر انہیں روک لیا اور جب سوٹ کیس کھولا گیا تو اس میں ایک لڑکی موجود تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو غیر ارادی طور پر وائرل ہو گئی، جس کے باعث اس واقعے کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔ یونیورسٹی نے اس غیر ذمہ دارانہ رویے پر طلبہ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ اس واقعے سے متعلق جو ویڈیو وائرل ہوا اس میں دکھایا گیا تھا کہ جندال یونیورسٹی کا ایک طالب علم مبینہ طور پر ایک لڑکی کو سوٹ کیس میں چھپا کر بوائز ہاسٹل لے جا رہا تھا۔ سیکیورٹی حکام نے شک ہونے پر سوٹ کیس کھولا، جہاں سے ایک لڑکی برآمد ہوئی۔