جنرل نیوز

حج سوسائٹی نظام آباد کے زیر اہتمام دوسرا عازمین حج کا تربیتی اجتماع کا کامیاب انعقاد

دنیا میں اللہ تعالیٰ کی تجلیات کعبۃ اللہ پر اُترتی ہے اور یہیں سے تقسیم ہوتی ہے

حج سوسائٹی نظام آباد کے زیر اہتمام دوسرا عازمین حج کا تربیتی اجتماع کا کامیاب انعقاد

نظام آباد:13/اپریل (اردو لیکس) حج سوسائٹی نظام آباد کے زیر اہتمام آج اے این گارڈن فنکشن ہال سارنگ پور، بودھن روڈ نظام آباد میں صدر حج سوسائٹی نظام آباد مولانا شیخ اسماعیل عارفی کی صدارت میں منعقدہ دوسرا عازمین حج کے تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مفتی عبدالمعیز شامزی امام وخطیب بسم اللہ مسجد میٹ پلی ضلع جگتیال نے کہاکہ حقوق العباد اور لئے گئے قرض کی لازمی طورپر ادائیگی کے بعد ہی فریضہ حج کو ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ عازمین حج اپنی روانگی سے قبل تمام معاملات کی معافی وتلافی کریں اور حج کی ادائیگی کیلئے دکھاوے یا ریاکاری سے بچیں کیونکہ حج خالص اللہ کیلئے کیاجاتا ہے۔دنیا میں اللہ تعالیٰ کی تجلیات کعبۃ اللہ پر اُترتی ہے اور یہیں سے تقسیم ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حج کے دوران ادا کی جانے والی ایک نیکی کا ایک لاکھ نیکیوں کا ثواب ملتا ہے۔ مفتی عبدالمعیز شامزی نے کعبۃ اللہ کے طواف کے دوران تصویر کشی یا سیلفی لینے کی غلطی نہ کریں،حج کو تفریح کا مقام نہ بنائیں جس سے حج کے فرائض کی ادائیگی میں بے ادبی ہوتی ہے۔حج و عمرہ کیلئے احرام کا باندھنا لازمی ہے اور نیت کے کرتے ہی احرام کے اصول و ضوابط نافذ ہوجاتے ہیں اور حالت احرام میں کئی چیزوں سے پرہیز کرنا بھی لازمی ہوجاتا ہے۔مفتی عبدالمعیز شامزی حج کے فرائض اور حج کے پانچ ایام احرام، طواف زیارت، صفا و مروہ، وقوف عرفہ، حلق کروانا اہم واجبات ہیں جس پر عمل کرنا ضروری ہے۔ اس تربیتی اجتماع سے مفتی منہاج الدین رئیس نے ارکان حج کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے پوچھے گئے سوالات و مسائل پر روشنی ڈالی۔ محمد نصیر الدین سکریٹری حج سوسائٹی نظام آباد نے حج سوسائٹی کی 27سالہ طویل بے لوث خدمات و کارکردگی پر روشنی ڈالی اور بتایاکہ 1997ء میں حج سوسائٹی نظام آباد کا قیام عمل میں لایا گیا جس کے بانی و صدر مولانا عطاء الرحمن خان صاحب جامی ؒ رہے اس کے بعد مولانا سید ولی اللہ قاسمی ؒ نے صدارت کی ذمہ داری سنبھالی اور اب موجودہ حج سوسائٹی نظام آباد کے صدر مولانا شیخ اسماعیل عارفی کے زیر صدارت عازمین حج کیلئے تربیتی اجتماعات کا انعقاد عمل میں لایاجارہا ہے۔ عازمین حج کیلئے نمازِ ظہر کا اہتمام اور ظہرانہ کا نظم صدیق محی الدین صابر مالک سادات فرنیچرس نظام آباد اور محمد قمر ریٹائرڈ ایکسٹینش آفیسر محکمہ زراعت نے کیا۔ محمدافضل الدین نے اے این گارڈن فنکشن ہال مالک ایم اے قیوم اور بھارت ساؤنڈ محمد آصف کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔آخر میں مفتی منہاج الدین رئیس نے دعاء فرمائی۔ اس تربیتی اجتماع میں تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی چیرمین طاہر بن حمدان، سابقہ کارپوریٹرس ایم اے قدوس، ہارون خان، اشفاق احمد خان پاپا، حج سوسائٹی نائب صدر محمد اظہر فاروقی، مولانا حافظ سید سمیع اللہ،شرعی پنچایت صدر مفتی رفیق ذاکر، حج سوسائٹی کے ذمہ داران وسیم احمد خان، محمد حامد علی، گولڈن ویلفر سوسائٹی پھولانگ صدر محمد اعجاز الدین، عزیز اللہ خان، خلیل الرحمن، عتیق اللہ خان، محمد عارف، عمران خان، عطاء الرحمن، ایم اے فصیح، محمد انور، عبدالہادی نے عازمین حج کے تربیتی اجتماع کے کامیاب انعقاد میں اہم رول ادا کیا۔ اس تربیتی اجتماع میں کثیر تعدا د میں مرد وخواتین عازمین حج نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button