انٹر نیشنل

امریکہ میں مقیم غیر قانونی تارکین وطن 30 دن میں ملک چھوڑ دیں ورنہ…

File photo

نئی دہلی: امریکہ میں مقررہ مدت سے زیادہ قیام کرنے والے غیر ملکی شہریوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ہوم لینڈ سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ نے خبردار کیا ہے کہ جو غیر ملکی شہری امریکہ میں طویل عرصہ سے مقیم ہیں وہ لازمی طور پر حکومت کے پاس رجسٹر ہوں۔

 

حکام نے واضح کیا کہ "جو افراد امریکہ میں 30 دن سے زائد قیام کر چکے ہیں انہیں لازمی طور پر وفاقی حکومت کے پاس رجسٹریشن کروانا ہوگا۔ اگر اس قانون کی خلاف ورزی کی گئی تو اسے جرم تصور کیا جائے گا اور ایسے افراد پر جرمانہ یا جیل کی سزا عائد کی جائے گی۔ اس لیے بہتر ہے کہ خود ہی ملک چھوڑ دیں۔”

 

ہوم لینڈ سیکیورٹی کی جانب سے مزید کہا گیا "خود سے امریکہ چھوڑ دینا ہی سب سے محفوظ راستہ ہے۔ اپنا سامان سمیٹیں، فلائٹ لیں اور اگر آپ کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے تو آپ اپنے کمائے گئے پیسے لے کر روانہ ہو سکتے ہیں۔”اگر کوئی شخص واپسی کا ٹکٹ برداشت نہیں کر سکتا تو امریکی حکومت نے ان کے لیے رعایتی منصوبہ بھی متعارف کرایا ہے۔حکام نے واضح کیا ہے کہ اگر ان قوانین پر عمل نہیں کیا گیا تو متعلقہ شخص کو فوری طور پر ملک بدر کیا جائے گا۔

 

مزید یہ کہ جن افراد کو ڈیپورٹیشن کا فائنل آرڈر مل چکا ہے اگر وہ ایک دن بھی زائد قیام کرتے ہیں تو روزانہ 998 ڈالرجرمانہ عائد کیا جائے گا اور اگر وہ خود سے نہ گئے تو 1000 سے 5000 ڈالر کا اضافی جرمانہ اور ممکنہ طور پر جیل کی سزا بھی دی جا سکتی ہے۔ ایسے افراد کو مستقبل میں قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہونے کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی۔ یہ پالیسی براہِ راست H-1B ویزا یا طلبہ کے اجازت ناموں پر موجود افراد پر لاگو نہیں ہوگی البتہ وہ لوگ جو درست اجازت نامہ کے بغیر مقیم ہیں ان پر یہ سختی سے نافذ کی جائے گی۔

 

 

اگر کوئی فرد H-1B ویزا پر آ کر اپنی ملازمت سے محروم ہوتاہے اور مقررہ مدت سے زیادہ امریکہ میں قیام کرتا ہے تو اس پر بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ساتھ ہی طلبہ اور H-1B ویزا ہولڈرز کو امریکہ کے امیگریشن قوانین کی مکمل اور سختی سے پابندی کرنی ہوگی۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button