وزارت حج ۔ عمرہ زائرین کو انتباہ، مقررہ تاریخ تک اپنے ملکوں کو لوٹ جائیں

حیدرآباد ۔ کے این واصف
وزارت حج و عمرہ نے پھر ایک بار زائرین کو متنبہ کیا ہے کہ وہ 29 اپریل سے قبل سعودی عرب سے نکل جائیں۔ وزارت نے مختلف ممالک سے عمرہ ویزے پر آنے والے زائرین کو پھر ایک بار انتباہ دیا ہے کہ ویزے کی مدت ختم ہونے سے قبل اپنے ملکوں کو لوٹ جائیں۔ عمرہ ویزے پر آنے والوں کو حج کرنے کی قطعی اجازت نہیں ہوگی۔
سبق نیوز کے مطابق وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری انتباہ میں مزید کہا گیا ہے کہ عمرہ ویزے پر غیر قانونی قیام کرنے والوں کو ضوابط کے مطابق سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔وزارت حج نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عمرہ ویزے پر آنے والوں کو حج کرنے کی قطعی اجازت نہیں ہوتی۔ زائرین کے لیے یہ ضروری ہے کہ عمرہ ویزے کی مدت ختم ہونے سے قبل ہی اپنے ملکوں کو لوٹ جائیں تاکہ کسی قسم کی قانونی پیچیدگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
خیال رہے مملکت میں عمرہ ویزے پر آنے والوں کو وزارت داخلہ کی جانب سے بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 29 اپریل سے پہلے پہلے اپنے ملکوں کو لوٹ جائیں۔ مذکورہ تاریخ کے بعد عمرہ ویزے والوں کا مملکت میں قیام غیرقانونی شمار ہوگا جس پر انہیں قانون کے مطابق سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔
واضح رہے حج قوانین کے مطابق عمرہ یا وزٹ ویزے پر آنے والے غیرملکیوں کو کسی طرح بھی حج ادا کرنے کی اجازت نہیں ہوتی ایسا کرنے والے قانون شکنی کے مرتکب ہوتے ہیں جس پر سخت سزا مقرر ہے۔