ہندوستان میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے راحت کی خبر

نئی دہلی: ہندوستان میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے ایک اہم اور راحت بھری اطلاع سامنے آئی ہے۔ مرکزی حکومت نے ایسے افراد کو آئندہ احکام تک واگھا۔اٹاری بارڈر کے راستے وطن واپس جانے کی اجازت دے دی ہے۔
وزارت داخلہ کے تازہ حکم نامے کے تحت پچھلی ہدایت میں ترمیم کی گئی ہے، جس میں پہلے 30 اپریل تک کی مدت مقرر کی گئی تھی۔ نئے حکم میں کہا گیا ہے کہ "پہلے جاری کردہ حکم کا جائزہ لیا گیا، اور جزوی ترمیم کے بعد اب یہ
ہدایت دی جاتی ہے کہ پاکستانی شہریوں کو، مناسب منظوری کے ساتھ، اٹاری میں واقع انٹیگریٹیڈ چیک پوسٹ کے ذریعے پاکستان واپس جانے کی اجازت دی جا سکتی ہے، جب تک کوئی نیا حکم جاری نہ ہو۔”
قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت کے پچھلے حکم کے بعد صرف چھ دنوں میں 55 پاکستانی سفارت کاروں اور ان کے معاون عملے سمیت 786 پاکستانی شہری واگھہ-اٹاری سرحد عبور کر کے وطن واپس جا چکے ہیں۔
اسی دوران پاکستان سے 1465 ہندوستانی شہری واپس اپنے وطن پہنچے ہیں۔ حکومت ہند نے قلیل مدتی اور سارک ویزا رکھنے والوں کو 27 اپریل تک ہندوستان چھوڑنے کی ہدایت دی تھی، جب کہ میڈیکل ویزا کے حامل افراد کے لیے آخری
تاریخ 29 اپریل مقرر کی گئی تھی۔