جنرل نیوز

پبلک گارڈن نامپلی میں روزانہ صبح چہل قدمی: صحت مند زندگی کی خوبصورت روایت

پبلک گارڈن نامپلی میں روزانہ صبح چہل قدمی: صحت مند زندگی کی خوبصورت روایت

 

حیدرآباد کے تاریخی، سرسبز و شاداب مقام پبلک گارڈن نامپلی میں ہر صبح کا آغاز ایک خوشگوار، تازگی بھرا اور مثبت ماحول میں ہوتا ہے، جہاں صحت کے دلدادہ افراد کا ایک خوش مزاج گروپ چہل قدمی کے لیے باقاعدگی سے جمع ہوتا ہے۔ ان مہذب اور ہنس مکھ حضرات نے صبح کی ٹھنڈی ہوا، پرندوں کی سریلی چہچہاہٹ، درختوں کی سرگوشیاں اور ہرے بھرے مناظر کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنا کر ایک نئی روحانی تازگی کو جنم دیا ہے۔

 

پبلک گارڈن نہ صرف حیدرآباد کے سب سے سرسبز بلکہ سب سے کشادہ اور صاف ستھرا باغات میں شمار ہوتا ہے۔ وسیع راستے، شفاف فضا، سایہ دار درخت، اور فطری حسن اس باغ کو ایک قدرتی نعمت بناتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہاں روزانہ شہر بھر سے وکلا، ڈاکٹر، انجینیئر، اساتذہ، سیاستدان، مذہبی رہنما، تاجر، طلبہ و طالبات، اور معزز شہری مرد و خواتین بڑی تعداد میں آتے ہیں۔

 

یہ منظر گنگا جمنی تہذیب کی جیتی جاگتی مثال پیش کرتا ہے، جہاں ہر مذہب و ملت کے افراد — مرد، خواتین، بچے، نوجوان اور بزرگ — ایک دوسرے کے احترام کے ساتھ، اپنے اپنے انداز میں صحت مند طرزِ زندگی کو اپناتے ہوئے، فطرت کے قریب وقت گزارتے ہیں۔

 

یہ روزمرہ کی چہل قدمی صرف جسمانی صحت تک محدود نہیں، بلکہ یہ روحانی سکون، آپسی محبت، اور معاشرتی ہم آہنگی کا حسین امتزاج بن چکی ہے۔ گروپ میں شامل ہمارے تجربہ کار فزیکل ٹرینر جناب سید خالد احمد صاحب کی رہنمائی میں ہلکی پھلکی ورزش، خوش گپیاں، دل لگی اور مفید مشوروں کا تبادلہ، ہر دن کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

 

تصاویر میں جھلکتی مسکراہٹیں، باہمی محبت، خندہ پیشانی کے لمحات اور بے ساختہ قہقہے اس حقیقت کا زندہ ثبوت ہیں کہ پبلک گارڈن نامپلی صرف ایک پارک نہیں، بلکہ ایک زندہ دل کمیونٹی، ایک خوشحال خاندانی ماحول، اور ایک مثبت طرزِ زندگی کا گہوارہ ہے۔

 

ہم پبلک گارڈن کے اس مثبت ماحول میں نئے افراد کو بھی خوش آمدید کہتے ہیں۔ اگر آپ صحت مند طرزِ زندگی، اچھی صحبت اور صبح کے وقت فطرت کے قریب چند قیمتی لمحات گزارنا چاہتے ہیں تو ضرور اس کمیونٹی کا حصہ بنیے۔ یہ چند قدم آپ کی زندگی کو خوشگوار بنانے کا آغاز ثابت ہو سکتے ہیں۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button