جرائم و حادثات

عادل آباد میں خانگی اسکول انتظامیہ کو دھمکا کر رقم کا مطالبہ کرنے والے تین بلیک میلرز گرفتار

عادل آباد۔3/مئی(اردو لیکس)عادل آباد ڈی ایس پی جیون ریڈی نے اپنے چیمبر میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مختلف جرائم میں ملوث افراد کی تفصیلات بتائی،

 

انہوں نے بتایا کہ عادل آباد کے ایک خانگی اسکول انتظامیہ کو دھمکیاں دینے اور رقم کا مطالبہ کرنے کے معاملے میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان ملزمان میں یوسف، ارشد اور صمد شامل ہیں، جنہیں مختلف دفعات کے تحت مقدمات کا سامنا ہے اور انہیں عدالتی احکامات کے تحت جیل بھیج دیا گیا ہے۔ڈی ایس پی نے اس حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا

 

جب تلنگانہ مائنارٹی ریکگنائزڈ پرائیویٹ اسکولز اسوسی ایشن عادل آباد کے صدر، عامرالدین کی جانب سے ٹو ٹاون پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی گئی۔ شکایت میں الزام عائد کیا گیا کہ ملزمان نے اسکول انتظامیہ سے پانچ لاکھ روپے کا مطالبہ کیا اور اس رقم کی عدم ادائیگی کی صورت میں آر ٹی آئی کی بنیاد پر اسکول میں انتظامات کی کمی کی شکایت کرنے کی دھمکی دی

 

۔ڈی ایس پی نے مزید بتایا کہ ملزمان نے اس دوران "انڈین یونین مسلم لیگ پارٹی” کا نام لے کر اسکول انتظامیہ پر دباؤ ڈالا اور رقم کا مطالبہ کیا۔ پولیس کی شکایت کے بعد فوراً تفتیش شروع کی گئی اور اس کے نتیجے میں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملزمان نے دھمکی دی تھی کہ اگر اسکول انتظامیہ نے ان کے مطالبات کو تسلیم نہیں کیا تو وہ اسکول میں انتظامی خامیوں کی شکایت کے ذریعے اسکول کو مشکلات میں ڈال دیں گے

 

۔ڈی ایس پی جیون ریڈی نے اس بات کی وضاحت کی کہ عادل آباد میں ایس پی اکھل مہاجن کی تقرری کے بعد جرائم پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور پولیس کی جانب سے "بلاک میلنگ” اور دیگر جرائم کے خلاف سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر مزید بتایا کہ حالیہ دنوں میں محسن خان اور سدھیر اور جاوید نامی افراد کے خلاف کارروائی کی گئی

 

، جنہوں نے مویشیوں کو منتقل کرنے والی گاڑیوں کو روک پیپرس چیکنگ کے نام پر موٹی رقم وصول کی اور عادل آباد ڈائیٹ گراونڈ میں شروع ہونے والی "ایکسبیشن” انتظامیہ سے رقم کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ بیلا منڈل میں ایک جعلی صحافی دیبک نے خانگی اسکول کے پرنسپل سے رقم کا مطالبہ کیا تھا،

 

جس پر پولیس نے فوری قانونی کارروائی کی۔ڈی ایس پی نے عادل آباد شہر کے تاجرین، اسکول انتظامیہ اور دیگر شہریوں سے اپیل کی کہ اگر کسی بھی شخص کی طرف سے رقم کا مطالبہ کیا جائے تو اس سے خوفزدہ نہ ہوں۔ عادل آباد پولیس ہر متاثرہ شخص کے ساتھ ہے اور اگر کسی بھی شہری کو رقم کے بارے میں دھمکی دی جائے یا بلیک میل کیا جائے تو فوراً پولیس کو اطلاع دیں تاکہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے

 

۔انہوں نے مزید بتایا کہ عادل آباد کے محلہ "کے آر کے کالونی”کی رہائشی سپنا نامی نوجوان خاتون جس کا تعلق زعفرانی پارٹی سے ہے،نے انسٹاگرام پر چاقوؤں کے ساتھ ایک ویڈیو پوسٹ کی۔ اس کے خلاف اسلحہ اور آئی ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ڈی ایس پی نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ عادل آباد پولیس کا مقصد شہریوں کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کرنا ہے، اور اس سلسلے میں کسی بھی جرم کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button