میدان عرفات میں مسجد نمرہ کے اطراف شیڈز اور ہزاروں درخت – حجاج کو راحت

کے این واصف
حج انتظامیہ عازمین حج کو سہولتین بہم پہنچانے اور راحت کے اقدام میں مسلسل کوشان رہتی ہے۔ یوم عرفات کو عازمین کو پورا دن مسجد نمرہ کے اطراف گزارنا ہوتاہے لہذا مشاعرمقدسہ ترقیاتی کمپنی کدانہ کی جانب سے میدان عرفات میں مسجد نمرہ کے اطراف شجر کاری اور موسم کو ٹھنڈا رکھنے کےلیے شیڈز کا انتظام کیا جارہا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق مشاعر مقدسہ ترقیاتی منصوبے کے تحت میدان عرفات کی مشرقی سمت میں عازمین حج کی سہولت کےلیے 85 ہزار مربع میٹر رقبے پر 2 ہزار سے زائد درخت لگائے گئے ہیں۔وقوف عرفات کے دوران گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لیے واٹرنیٹ ورک کا کام بھی آخری مراحل میں ہے جبکہ مختلف مقامات پر 320 شیڈز اور 350 پھوار والے پنکھوں کو نصب کیا گیا ہے۔
کدانہ کمپنی کے ذمہ دار کا کہنا ہے اس سال حج سیزن میں عازمین کو دھوپ کی تپش سے محفوظ رکھنے کےلیے خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں تاکہ ہوا میں قدرے ٹھنڈک پیدا کی جاسکے۔مشاعرمقدسہ ترقیاتی منصوبے کے تحت وادی منی میں دو منزلہ واش روم کمپلکس کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس میں 5600 واش رومز ہوں گے۔
علاوہ ازیں مختلف مقامات پر شجر کاری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اب تک مشاعر میں مجموعی طورپر 2 لاکھ 90 ہزارمربع میٹر رقبے پر 20 ہزار سے زائد پودے لگائے جاچکے ہیں۔