نیشنل

حجاج کرام کو لے کر لکھنؤ آنے والا سعودی طیارہ حادثہ سے بال بال بچ گیا

سعودی عرب کے جدہ شہر سے 250 حجاج کرام کو لے کر لکھنؤ کے اماوسی ایئرپورٹ پر پہنچنے والے سعودی ایئرلائنز کے طیارے کو ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔

 

یہ واقعہ اتوار کی صبح اس وقت پیش آیا جب فلائٹ نمبر SV 3112 لکھنؤ میں لینڈ کرنے کے بعد ٹیکسی وے پر جا رہی تھی کہ طیارے کے بائیں پہیے سے چنگاریاں اور دھواں اٹھنے لگا۔ ایئرپورٹ کے حکام نے پیر کے روز یہ تفصیلات جاری کیں۔

 

جب پائلٹ نے بائیں پہیے میں خرابی محسوس کی تو فوری طور پر ایئر ٹریفک کنٹرول کو مطلع کیا، جس کے بعد فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 20 منٹ کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔

 

طیارہ ہفتہ کی رات 11:30 بجے جدہ سے روانہ ہوا تھا اور اتوار کی صبح 6:30 بجے لکھنؤ کے اماوسی ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ رن وے پر اترنے کے بعد جیسے ہی طیارہ ٹیکسی وے پر داخل ہو رہا تھا، بائیں پہیے سے اچانک آگ اور دھواں نکلنے لگا، جس سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

 

تاہم، تمام 250 حجاج کرام کو بحفاظت طیارے سے اتار لیا گیا، جس کے بعد مسافروں اور عملے نے راحت کی سانس لی۔ ایئرپورٹ حکام کے مطابق یہ واقعہ تکنیکی خرابی کے سبب پیش آیا، جس کی مکمل جانچ جاری ہے

 

متعلقہ خبریں

Back to top button