تلنگانہ

تارک راما راؤ سے 7 گھنٹے پوچھ تاچھ – کہا جیل جانے کے لئے بھی تیار

فارمولا ای کار ریس کیس کے سلسلے میں  پیر کو بی آر ایس کے کار گزار صدر کے ٹی راما راؤ اینٹی کرپشن بیورو کے سامنے پیش ہوئے ۔جہاں اے سی بی کے عہدیداروں نے تارک راما راؤ سے 7 گھنٹے پوچھ تاچھ کی۔ شام 5 بجے کے بعد انھیں جانے دیا گیا ۔

 

بعد ازاں وہ تلنگانہ بھون روانہ ہوئے اور وہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انھیں غیر ضروری طور پر پریشان کیا جا رہا ہے

 

کے ٹی آر نے کہا کہ”سچائی کا پتہ وقت کے ساتھ چلتا ہے۔ اگر دوبارہ جیل جانا پڑے تو بھی مجھے کوئی خوف نہیں۔ حکومت کی جھوٹی ضمانتوں اور جعلی اعلانات کو میں ہمیشہ بے نقاب کرتا رہوں گا۔ ایک بار نہیں، سو بار بلائیں گے تو بھی پوچھ تاچھ کے لیے حاضر ہوں گا۔ جب میں نے کوئی غلطی نہیں کی تو مجھے ڈرنے کی کیا ضرورت ہے؟ تلنگانہ کے لیے بی آر ایس ہی اصل محافظ ہے۔

 

اگر چیف منسٹر ریونت ریڈی میں ہمت ہے تو وہ لائی ڈٹیکٹر ٹیسٹ کے لیے آئیں۔”کے ٹی آر نے مزید کہاکہ ہمارے خلاف مقدمے بنا کر ہمیں ہراساں کیا جا رہا ہے، لیکن اگر وہ سمجھتے ہیں کہ ہم ڈر جائیں گے تو یہ ان کی خام خیالی ہے۔ ہم ہر حال میں عوام کی آواز بن کر سوال کرتے رہیں گے۔ کے سی آر اور ہریش راؤ کو کالیشورم کمیشن کے سامنے طلب کیاگیا، مجھے بار بار اے سی بی کی پوچھ تاچھ کے لیے بلایا جا رہا ہے۔ ممکن ہے کہ مجھے گرفتار بھی کر لیا جائے۔

 

ہمیں نہ مقدمات سے ڈر ہے، نہ جیل نئی چیز ہے۔ ہم نے تلنگانہ تحریک کے دوران بھی جیل دیکھی ہے، اب بھی جانے سے نہیں ڈرتے۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ "کانگریس حکومت کو ہرگز نہیں چھوڑیں گے، جب تک کئے گئے وعدے پورے نہیں ہوتے، ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

 

مزید کہا کہ ریاستی حکومت مجالس مقامی اداروں کے انتخابات کروانے کی تیاری میں ہے، لیکن ریزرویشن کا عمل مکمل ہونے سے پہلے ہی عجلت میں انتخابات کرانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ ریاست کے عوام، خاص طور پر بی سی طبقات، اس بات پر توجہ دیں۔ انتخابات میں اس حکومت کو صحیح سبق سکھانا چاہیے۔”

متعلقہ خبریں

Back to top button