تلنگانہ میں شدید بارش کا امکان۔ تمام محکموں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ،شدید بارش کے دوران عوام گھروں سے باہر نہ نکلیں: چیف منسٹر

حیدرآباد: تلنگانہ میں شدید بارش کے پیشِ نظر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے انچارج وزراء اور حکام کو مکمل چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔
آج ریونت ریڈی نے حیدرآباد میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے ضلع کلکٹروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے جائزہ اجلاس منعقد کیا۔
انھوں نے ہدایت دی کہ اگلے تین دنوں تک تمام محکموں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی جائیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ اگر اچانک سیلاب کی صورتحال پیدا ہو تو ایئر لفٹنگ کے لیے ہیلی کاپٹرز کو تیار رکھا جائے۔ چیف منسٹر نے کہا “NDRF (نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس) کے عملے کے ساتھ
مسلسل رابطے میں رہنا چاہیے۔ شدید بارش کی پیش قیاسی والے اضلاع میں پہلے ہی سے عملہ تعینات کیا جائے۔ریڈ الرٹ والے علاقوں میں سینئر افسران کوخصوصی طور پر متعین کیا جائے۔ بارش اور سیلاب سے متعلق معلومات میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچائی جائے۔ شکایات کے اندراج کے لیے ٹول فری
نمبر قائم کیا جائے۔حیدرآباد میں سیلاب کے خطرے کے پیش نظر ہائیڈرا ٹیم الرٹ رہے۔شدید بارش کے دوران عوام کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ترغیب دی جائے۔”