جرائم و حادثات
حیدرآباد ۔ ویمن پولیس اسٹیشن کا سب انسپکٹر 25 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار

حیدرآباد: تلنگانہ اینٹی کرپشن بیورو نے حیدرآباد سائبرآباد کے گچی باؤلی ویمنس پولیس اسٹیشن میں تعینات سب انسپکٹر کے۔ وائی۔ وینو گوپال کو 25 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق ملزم سب انسپکٹر نے شکایت کنندہ سے مطالبہ کیا تھا کہ اگر وہ اپنی والدہ کا نام ویمن پولیس اسٹیشن گچی باؤلی میں درج ایک مقدمے سے خارج کروانا چاہتے ہیں تو اس کے عوض 25,000 روپے رشوت دینی ہوگی۔
اینٹی کرپشن بیورو کے حکام نے اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے سب انسپکٹر وینو گوپال کو رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ واقعہ کی مکمل چھان بین جاری ہے۔
اینٹی کرپشن بیورو نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی سرکاری اہلکار کی جانب سے رشوت کے مطالبے پر فوری ان سے رابطہ کریں تاکہ بدعنوانی کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔