قطر میں بھائی کی جھوٹی گرفتاری کا ڈرامہ ۔ حیدرآبادی خاتون کو 2 لاکھ کا دھوکہ

حیدرآباد: سائبر جرائم پیشہ افراد نے شہر کی ایک خاتون کو جذباتی طور پر بلیک میل کرتے ہوئے اُس سے دو لاکھ روپے وصول کرلئے۔ دھوکہ بازوں نے واٹس ایپ کال کے ذریعے
خاتون کو اُس کے بھائی کی بیرونِ ملک گرفتاری کی جھوٹی اطلاع دی اور فوری رقم منتقلی کا مطالبہ کیا جس کے باعث خوفزدہ خاتون نے بغیر تصدیق کیے بھاری رقم آن لائن منتقل کر دی۔
یہ واقعہ مہدی پٹنم کی 38 سالہ خاتون کے ساتھ پیش آیا جسے حال ہی میں ایک نامعلوم نمبر سے واٹس ایپ کال موصول ہوا۔ کال کرنے والے نے خود کو کسی بین الاقوامی ایجنسی یا حکام کا نمائندہ ظاہر
کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ خاتون کا بھائی قطر میں ویزا مسائل کے باعث پولیس حراست میں ہے اور اگر فوری طور پر 2 لاکھ روپے ادا نہ کیے گئے تو اُسے ملک بدر کر دیا جائے گا۔
کال کے دوران دھوکہ باز نے نہایت مہارت سے گھبراہٹ اور ہمدردی کا ماحول پیدا کیاجس سے متاثر ہو کر خاتون نے بغیر کسی تصدیق کے فوری طور پر مختلف بینک اکاؤنٹس کے ذریعے رقم منتقل کر دی۔
تاہم رقم کی منتقلی کے بعد جب خاتون نے خود اپنے بھائی سے رابطہ کیا تو حقیقت سامنے آئی کہ وہ بالکل خیریت سے ہے اور قطر میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔ اس انکشاف سے خاتون کو شدید صدمہ پہنچا اور اس نے فوراً سائبر کرائم پولیس اسٹیشن سے رجوع ہو کر باضابطہ شکایت درج کروائی۔
پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور اس واقعہ کو سائبر فراڈ کا سنگین معاملہ قرار دیا ہے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس قسم کی کالز یا میسیجز پر ہرگز اعتماد نہ کریں اور کسی بھی اطلاع کی تصدیق کیے بغیر رقم منتقل نہ کریں۔