جوائنٹ ایڈیٹر “گواہ” ویکلی ڈاکٹر محمدعبد الرشید جنید کا ریاض میں خیرمقدم

ریاض ۔ محمد سیف الدین
انٹرنیشل جرنلسٹ فریٹرنٹی فورم (IJFF) ریاض چاپٹر کی جانب سے ریاض میں ڈاکٹر محمد عبدالرشید جنید، جوائنٹ ایڈیٹر “گواہ” ویکلی حیدرآباد کی خیرمقدمی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ ڈاکٹر جنید امریکہ میں اپنے فرزند محمد عبدالعزیز فضیل کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے بعد احباب سے ملاقات کے لئے ریاض تشریف لائے تھے۔ قبل ازیں انھوں نے عمرہ اور زیارت مدینہ منورہ کی سعادت بھی حاصل کی۔
اس موقع پر اردو زبان و ادب ، اردو صحافت کی موجودہ صورتحال اور ہندوستان ، خاص طور پر حیدرآباد کے عام مسلمانوں میں بے راہروی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محمد عبد الرشید جنید نے شہر کی مساجد میں صباحیہ مدارس کے احیاء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بعد نماز مساجد میں عربی مدارس کے نظام سے ایک جانب بچے دین سے قریب ہوں گے تو دوسری جانب بچے اور والدین صبح جلدی اٹھیں گے جس کی وجہ سے رات دیر تک جاگنے کی عادت سے بھی چھٹکارہ ملے گا۔ نمازوں کی پابندی اور روزمرہ کی زندگی میں ڈسپلن بھی قائم ہوگا۔
اس ضمن میں مساجد کی انتظامی کمیٹیوں کو پہل کرنے کی ضرورت ہے۔ تمام حاضرین نے اس تجویز کی تائید کی۔ آرکٹیکٹ عبدالرحمن سلیم نے مساجد کی انتظامی کمیٹیوں میں نوجوانوں کی شمولیت کی شمولیت کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ واضح رہے کہ رحمان سلیم عارضی قیام کے لئے ریاض آئے ہوئے ہین۔ آرکیٹکٹ سلیم نے مزید کہا اس سلسلہ میں مساجد کی انتظامی کمیٹیوں کی نمائندہ تنظیم کو آگے بڑھ کر ٹھوس اقدامات اٹھانے کی اپیل کی۔
یہاں اس بات کا تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ جوائنٹ ایڈیٹر گواہ ویکلی ڈاکٹر عبدالرشید جنید اپنی صحافتی ذمہ داریوں کے ساتھ صباحیہ مدرسہ بھی چلاتے ہیں جہاں بڑی تعداد میں بچے قرآن و دینی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ہوٹل میزبان دربار حارہ میں منعقد اس تقریب میں انٹر نیشنل جرنلسٹ فریٹرنٹی فورم سعودی عرب چیاپٹر کے صدر ڈاکٹر محمد اشرف علی اور نائب صدر محمد سیف الدین نے ڈاکٹر عبدالرشید جنید کی شال پوشی اور گلدستہ پیش کرکے ان کو تہنیت کی۔
اس محفل مین آرکٹکٹ عبدالرحمن سلیم، انجینئر محمد مبین، صدر IJFF سعودی چیاپٹر ڈاکٹر اشرف علی، نائب صدر محمد سیف الدین، الشفاء میڈیکل گروپ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ادریس، آفتاب نظامی، صحافی باسط ابو معاذ، خالد عبدالکریم وغیرہ نے شرکت کی۔