انٹر نیشنل

حج پیکیج کی رقم کی واپسی کن صورتوں میں ممکن

ریاض ۔ کے این واصف

وزارت حج و عمرہ نے عازمین حج کی جمع کرائی کئی فیس کی واپسی کے سلسلہ میں ایک تفصیلی واضاحت جاری کی ہے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ ’اندرون مملکت سے اس سال حج کی درخواست دینے والے اجازت نامہ جاری ہونے سے پہلے اور بعد میں پیکیج کی ادا کردہ رقم واپس لے سکتے ہیں۔‘ اخبار24 کے مطابق وزارت حج نے بیان میں کہا کہ ’حج پیکیج کی رقم مقررہ پالیسی کے مطابق واپس لی جا سکتی ہے۔‘

’4 مئی 2023 تک حج پیکیج کی اداشدہ پوری رقم واپس لی جا سکتی ہے تاہم حج اجازت نامے کے اجرا سے انکار کی صورت میں اداشدہ رقم میں سے ای سروس فیس منہا کرکے باقی رقم ادا کی جائے گی۔‘

وزارت کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’5 مئی 18 جون 2023 تک ای سروس فیس کاٹ کر رقم ادا کی جائے گی اور پیکیج کی دس فیصد رقم بھی منہا جائے گی۔‘

19جون سے حج پیکیج کی اداشدہ رقم کا کوئی بھی حصہ واپس نہیں کیا جائے گا تاہم اس سے وفات، صحت معذوری، فوجداری کیسز، ٹریفک حادثات میں حج کی استطاعت سے محرومی کی حد تک زخمی ہوجانے والے مستثنٰی ہوں گے۔ انہیں حج پیکیج کی پوری رقم واپس کی جائے گی۔ وزارت کا کہنا ہے کہ ’4 مئی 2023 کے بعد کورونا وائرس میں مبتلا امیدوار بھی حج پیکیج کی رقم واپس لے سکیں گے۔ انہیں ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے حج اجازت نامہ اور اس کے بعد وزارت حج کی ویب سائٹ یا نسک ایپ کے ذریعے بکنگ منسوخ کرانا ہوگی۔ اسی طرح بکنگ کے منافی صحت حالت یا انتظامی شرائط کی اپ ڈیٹ کی صورت میں بھی یہی کارروائی ہوگی۔‘

وزارت نے کہا کہ ’حج پیکیج کی رقم سداد سسٹم کے ذریعے جمع کرائی جا سکے گی۔ دوسری قسط کی ادائیگی زیادہ سے زیادہ 29 جنوری 2023 تک ادا کی جا سکتی ہے تیسری قسط کی ادائیگی کی آخری تاریخ 10 شوال مطابق 30 اپریل مقرر کی گئی ہے۔‘ حج بکنگ امیدوار اور حج ادارے کے درمیان منتخب پیکیج کے حوالے سے معاہدے کے تحت ہو گی۔ امیدوار منتخب پیکیج کے تحت اپنے رفقائے حج کی فیس بھی ادا کرے گا۔

وزارت کا کہنا ہے کہ حج پرمٹ وزارت داخلہ جاری کرے گی۔ امیدوار کو ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے حج پرمٹ پرنٹ کرنا ہو گا۔ یاد رہے سعودی وزارت حج وعمرہ نے اندرون مملکت سے عازمین کو حج پیکیج کی ادائیگی قسطوں میں کرنے کی سہولت فراہم کی ہے۔ حج 2023 کے لیے سعودی شہری اورمقیم غیرملکی تین قسطوں میں فیس ادا کر سکیں گے۔ پہلی قسط بکنگ کی تاریخ سے 72 گھنٹے کے اندر ادا کرنا ہو گی اور یہ کل پیکیج کی 20 فیصد ہو گی۔وزارت حج وعمرہ نے جمعرات کو اندرون مملکت سے اس سال حج کا ارادہ کرنے والوں سے درخواستیں طلب کی تھیں۔ وزارت نے 4 ہزار سے 13 ہزار ریال تک کے پیکیج دیے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button