جنرل نیوز

نذیر احمد میموریل لکچر

حیدرآباد ۔ ڈاکٹر سیدہ نسیم سلطانہ کے بموجب ویمنس یونیورسٹی. (VCIWU) شعبۂ اردو کے زیرِ اہتمام، نذیر احمد ایجوکیشنل اینڈ میموریل ٹرسٹ کے اشتراک سے "نذیر احمد میموریل لکچر” بعنوان: "مولوی علاء الدین اور طرے باز خان شہید (1857ء کے پہلی جنگِ آزادی کے مجاہدین)” کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔

 

اس موقع پر پروفیسر عرشیہ جبین نے اپنی تحقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بہترین لیکچرز کے ذریعے سامعین کو مستفید فرمایا۔ ڈاکٹر محمد شعیب احمد، فرزندِ شہید محمد نذیر احمد، نے اردو زبان کی بقاء و تحفظ کے ساتھ ساتھ مختلف تاریخی پہلوؤں کو اجاگر کیا۔

 

پروگرام کی صدارت خاندانِ آصف جاہی کے نویں نظام نے انجام دی۔ جناب عبدالحمید شوکت، ایڈیٹر "جسٹس ٹائمز” نے اپنے زرّین خیالات کا اظہار کیا۔ عالی جناب مرتضیٰ فاروقی، ایڈوکیٹ ہائی کورٹ نے اپنے خطاب میں اردو زبان کے تحفظ پر زور دیا۔ جناب ریاض احمد، سینئر صحافی روزنامہ "سیاست” نے برٹش ریزیڈنسی کی تاریخ کو دہراتے ہوئے سامعین کو روشناس کرایا۔ جناب شجیع اللہ فراست، ایڈیٹر روزنامہ "اعتماد” نے ریزیڈنسی کے تاریخی پہلوؤں کو اجاگر کیا۔

 

ڈاکٹر محمد کاشف نے شعبۂ اردو کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تمام اساتذہ اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر جنگِ آزادی کے شہداء کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

 

اردو زبان کی بقاء اور تحفظ کے لیے بے لوث خدمات پر جناب محمد محمود علی سہیل (صدر آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرز ایسوسی ایشن) اور ڈاکٹر محمد شعیب احمد کو سندِ توصیف عطا کی گئی۔ شعبۂ اردو کی فیکلٹی ڈاکٹر غوثیہ بانو، ڈاکٹر سمینہ بیگم اور ڈاکٹر احتشام الحسن کو ان کی بے لوث تعلیمی خدمات پر سندِ توصیف پیش کی گئی۔

 

پروگرام میں اساتذہ، طلبہ، ممتاز سماجی کارکنوں اور میڈیا نمائندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شعبۂ اردو میں کمپیوٹر سیکشن اور ویب سائٹ "ندائے نسیم” کا افتتاح بھی عمل میں آیا۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button