خاتون نے عاشق کے ساتھ مل کر شوہر کا قتل کردیا۔ بیٹے کے خلیج ملک سے واپسی پر انکشاف۔ تلنگانہ کے نرمل ضلع میں واردات

نرمل: ریاست تلنگانہ نرمل ضلع کے سون منڈل کے ویلمّل گاؤں میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق بیوی نے ناجائز تعلقات کی راہ میں رکاوٹ بننے والے شوہر کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور بعد ازاں سب کو یہ
بتا دیا کہ وہ اچانک بے ہوش ہوکر فوت ہوگیا تاہم بیٹے کے شک و شبہ کے بعد یہ قتل کا معاملہ بے نقاب ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق 50 سالہ ہری چرن اور ناگا لکشمی میاں بیوی کھیتی باڑی کرکے گزر بسر کررہے تھے۔ ناگا لکشمی کے مہیش
نامی شخص کے ساتھ کئی دنوں سے ناجائز تعلقات قائم تھے۔ ان دونوں کے تعلقات میں شوہر رکاوٹ سمجھا جارہا تھا اسی بنا پر خاتون نے شوہر کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔منگل کے دن مہیش کو گھر پر بلا کر ہری چرن کو باندھ
دیا گیا اور تکیے سے دم گھونٹ کر دونوں نے مل کر اس کا قتل کردیا۔ اس کے بعد ناگا لکشمی نے گاؤں والوں اور رشتہ داروں کو یہ کہہ کر دھوکہ دیا کہ ہری چرن باتھ روم میں اچانک بے ہوش ہوکر گرپڑا اور اس کی موت ہوگئی اور یوں آخری رسومات بھی جلدی میں انجام دے دی گئیں۔
تین دن بعد جب ان کا بیٹا خلیجی ملک سے واپس آیا تو اسے شک ہوا کہ اس کی آمد سے پہلے ہی باپ کی تدفین کیوں کردی گئی۔ مزید برآں ماں کا رویہ بھی مشکوک محسوس ہوا۔ اس نے فوراً سون پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔
سون کے سی آئی اور ایس آئی نے تفتیش کے بعد شبہ ظاہر کیا کہ یہ قتل کا معاملہ ہوسکتا ہے۔ پولیس نے ناگا لکشمی اور مہیش دونوں کو حراست میں لیا۔ پوچھ گچھ کے دوران انہوں نے جرم قبول کرلیا۔ پولیس نے کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔