شوہر کے چیلنج پر خاتون مکان کی چھت سے کود گئی

نئی دہلی: چھت پر موجود ایک خاتون نے شوہر کی جانب سے چیلنج کرنے پر بلندی سے چھلانگ لگادی۔ اس وقت وہ شدید زخمی حالت میں ہاسپٹل میں زیر علاج ہے ۔ یہ واقعہ اتر پردیش کے علی گڑھ ضلع میں پیش آیا۔ گونڈا علاقے کے
ڈکولی گاؤں میں رہنے والی ارچنا کی شادی چھ سال قبل سونو سے ہوئی تھی۔ اس جوڑے کے دو بچے ہیں جن کی عمریں چار اور دو سال ہیں۔اس دوران سسرال والوں نے ارچنا کو اضافی جہیز کے لیے ہراساں کیا۔ اس پس منظر میں یکم
ستمبر کو اس کا اپنے شوہر سونو سے جھگڑا ہوا۔ دل برداشتہ ہو کر ارچنا دو منزلہ چھت پر چڑھ گئی لیکن سونو نے اسے بار بار کہا کہ وہ وہاں سے نیچے کود جائے جس پر ارچنا نے چھت سے نیچے چھلانگ لگا دی۔ شدید زخمی ہونے کے بعد
اس کے شوہر نے اسے مارا پیٹا بعد ازاں ارچنا کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔دوسری طرف اس واقعے کی اطلاع ملنے پر ارچنا کے بھائی نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔ اس نے بتایا کہ شادی کے وقت تقریباً 10
لاکھ روپے خرچ کیے گئے تھے لیکن سسرال والوں نے 5 لاکھ روپے اضافی جہیز اور رائل اینفیلڈ بائیک کا مطالبہ کیا اور ارچنا کو ذہنی اور جسمانی طور پر ہراساں کیا جا رہا تھا۔ اس نے الزام لگایا کہ سونو کے بھائی پرمود نے ارچنا کو جنسی طور پر ہراساں کیا۔
اسی دوران اسپتال میں زیر علاج ارچنا کا بیان پولیس نے ریکارڈ کیا۔ اس بیان کی بنیاد پر مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور تفتیش شروع کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ پڑوسی کے موبائل سے ریکارڈ کی گئی ویڈیو کلپ کی جانچ کی جا رہی ہے۔
یہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔