این آر آئی

بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب کے 200 ویں اجلاس اور شام غزل کا انعقاد

ریاض ۔ محمد سیف الدین 

ریاض – بانی و صدر نشین مسح اسپیشلائزڈ کنسٹرکشن کمپنی انجنئیر محمد عبدالنعیم نے کہا کہ انسان کے ریٹائر منٹ کی کوئی عمر نہیں ہوتی بلکہ ہمیں خود کو اپنی آخری سانس تک مصروف اور متحرک رکھنا چاہئے۔ انہوں نے مغربی ممالک کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں ضعیف العمر افراد بھی فعال اور سرگرم رہتے ہیں۔

 

 

بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب کے 200 ویں خصوصی اجلاس میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انجنئیر نعیم نے کلب کے اراکین اور بانیان کی ستائش کی جنہوں نے اپنی لگن اور جستجو سے اس کلب کی سرگرمیوں کو نہ صرف جاری رکھا بلکہ اردو زبان و ادب کی تاریخی خدمات انجام دیں۔ اپنی پیشہ روانہ خدمات اور ملازمت کے بعد ایسی سرگرمیوں کے لئے وقت دینا بہت مشکل ہوتا ہے ایسے میں 200 اجلاس منعقد کرنا قابل صد ستائش بات ہے۔ انہوں نے تقریری، قائدانہ اور کمیونکیشن صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لئے نوجوانوں کو اس کلب سے جڑنے اور استفادہ کرنے کا مشورہ دیا۔

 

 

مہمان اعزازی سی ای او شفاء میڈیکل سرویسز کمپنی ڈاکٹر محمد ادريس سلیم نے کہا کہ دیار غیر میں جہاں ہم سب اپنی زندگی میں پیشہ ورانہ دوڑ دھوپ کے بعد ذہنی تناؤ میں مبتلا ہوجاتے ہیں تو ایسی سرگرمیاں ہم سب کے کے لئے ذہنی سکون و فرحت کا باعث بنتی ہیں۔ بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب ریاض کے 200 ویں خصوصی اجلاس کے انعقاد پر انہوں نے کلب کے تمام اراکین اور عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔

 

 

ٹوسٹ ماسٹرس ڈیویزن اے کے ڈائرکٹر ڈی ٹی ایم جارجیو کرومپاس نے کہا کہ غیر انگریزی کلب شروع کرنا اور اسے چلانا خود ایک بڑا چیالنج ہے، ایسے میں 200 اجلاسوں کا یہ بارہ سالہ طویل سفر بہت بڑی کامیابی کی علامت ہے۔ اس کے لئے انہوں نے ائیریا ، ڈیویزن اور ڈسٹرکٹ کی جانب سے بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرس کلب کو مبارکباد پیش کی اور اس کے شاندار مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 

 

بانی صدر بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب آرکٹیکٹ عبدالرحمن سلیم نے بتایا کہ 1990 میں اردو کی ترقی و ترویج کے سلسلہ میں ہندوستانی بزم اردو کا قیام عمل میں لایا گیا نیز ہندوستانی اسکولس میں تقریری، تحریری و نظم خوانی کے مقابلوں کے ذریعہ نئی نسل کی اردو کو سنوارا جا سکے ، ان میں خود اعتمادی کو فروغ دیا جا سکے اور ان کی کردار سازی کی جا سکے۔ جب دیگر زبانوں میں ٹوسٹ ماسٹرس کلب قائم ہونے لگے تو ہم نے اردو کلب قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔ کلب کے قیام سے اب تک کے سفر میں تمام اراکین کا اہم کردار رہا۔ آرکٹیکٹ سلیم نے حاضرین محفل سے اپیل کی کہ اپنی جان پہچان کے نوجوانوں اور طالبعلموں کو اس کلب کے رکن بنائیں۔

 

 

صدر بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب برائے سال 2024-2025 سيد عتیق احمد نے خیر مقدم کیا اور کلب کی کارکردگی پر رپورٹ پیش کی ۔ انہوں نے زبان و ادب کے فروغ کے لئے کلب کی جانب سے منعقدہ مختلف پروگرامس پر تفصیلی رپورٹ پیش کی۔نومنتخب صدر بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب برائے سال 2025-2026 محمد عبد القدوس جاوید نے تقریر قبولیت میں اپنی میعاد میں کلب کو نئی بلندیوں پر پہنچانے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ یہ کلب پچھلے تیره سال سے اردو داں طبقہ میں شخصیت سازی کے فروغ کے لئے پوری محنت، لگن اور جستجو کے ساتھہ سرگرم عمل ہے۔

 

 

اس موقع پر معزز مہمانوں کے ہاتھوں کلب کے تمام اراکین کو مختلف زمروں کے تحت توصیفی مومنٹوز پیش کئے گئے۔ ڈی ٹی ایم انجنئیر محمد مبین اور محمد سیف الدین نے اس حصہ کی کاروائی چلائی۔بزم اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب کے 200 ویں خصوصی اجلاس کے ساتھہ شام غزل منعقد کی گئی جس میں ریاض کے غزل گلوکار اشوک کمار نے بہترین غزلیں پیش کیں۔ جبکہ طبلے پر بیجو اتهپ ، ہارمونیم پر سوبين لعل اور کی بورڈ پر اچھو نے ان کا ساتھہ دیا۔

 

 

مرزا فرقانہ فاطمہ نے خوبصورت انداز میں اجلاس کی کاروائی چلائی۔ سارجنٹ ايٹ آرمس سيد عبد الحامد نے ابتدائی کلمات پیش کئے اور کلام پاک کی تلاوت کی۔ محمد فاروق الدین نے ہدیہ تشکر پیش کیا۔اس موقع پر اراکین کلب کی جانب سے مہمان خصوصی انجنئیر محمد عبدالنعیم، مهمان اعزازی ڈاکٹر محمد ادریس سلیم ، گلوکار اشوک کمار اور ممتاز گروپ آف ہوٹلس کے سی ای او محمد رفیق کوتوصیفی مومنٹوز پیش کئے گئے۔ غزل گلوکار کے ساتھیوں بیجو اتھپ (طبلہ) ، سوبين لعل (بارمونیم) اور اچھو (کی بورڈ) کو شال پوشی کے ذریعہ تہنیت پیش کی گئی۔

 

 

اجلاس کے دوران کلب کے نئے صدر عبدالقدوس جاوید نے جاریہ تعلیمی سال کے لئے منتخبہ عہدیداروں کو اسٹیج پر مدعو کرکے حاضرین سے ان کا تعارف کروایا۔ نو منتخبہ عہدیداروں میں سارجنٹ ایٹ آرمس سید عبدالحامد، سکریٹری سید عتیق احمد ، خازن محمد مبین، نائب صدر تعلقاتِ عامہ مرزا فرقانہ فاطمہ اور نائب صدر تعلیم محمد سیف الدین شامل ہیں ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button