قرات امام عاصم کوفیؒ بیس روزہ جزوقتی کورس کے دوسرے بیاچ کی تکمیل

حیدرآباد، 18 ستمبر/حیدرآباد کے مرکز میں واقع مشہور ’’مسجد قطب شاہی المعروف چھوٹی مسجد مراد نگر‘‘ میں تجویدو قرأت تربیتی پروگرام کے دوسرے بیچ کی تکمیل عمل میں آئی۔ یہ کورس صرف حفاظ قرآن کے لیے مختص رکھا گیا ہے تاہم تجوید و قرأت کی جانب عوام الناس کی بڑھتی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے عام قاری کو بھی اس میں شامل کیا گیا ہے اور امتحان کے بعد ناظرہ پانچ بارے اپنے استاد کو سنانے کا لزوم بھی رکھا گیا ہے تا کہ سند و شجرہ کے معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔
اس سے قبل مئی 2025 میں پہلے بیچ کی تکمیل ہوئی تھی۔ دونوں بیچوں کی تربیت ماہر استاد تجوید و قرأت حافظ و قاری محمد نصیرالدین منشاوی نے اپنی خاص نگرانی میں کی دوسرے بیچ کے اختتامی موقع پر مسجد کے صدر جناب محمد لطیف خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ لمحہ بڑی مسرت کا ہے کہ 45 طلبہ نے شرکت کی اور عالمی شہرت یافتہ استاد قاری محمد نصیر الدین منشاوی سے استفادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس دور میں حفاظ کی بڑی تعداد موجود ہے، لیکن قرآن کو اس کی صحیح تجوید و اداىئیگی کے ساتھ پڑھنا ہر دور میں ہر فرد کی ذمہ داری ہے ۔ اسی ضرورت کو سامنے رکھتے ہوئے یہ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔اس موقع پر حافظ الہند قاری محمد شعیب شرف الدین نے بھی طلبہ کو قرأت کی باریکیوں سے روشناس کروایا۔ قاری نصیر الدین منشاوی نے اپنے خطاب میں اللہ کا شکر ادا کیا اور کہا کہ ان کی برسوں کی خواہش تھی کہ مدارس کے طلبہ اس کورس میں شریک ہوکر مختصر وقت میں قاری بھی بن جائیں اور قرآن کریم کی بہترین انداز میں خدمت کر سکیں۔ یہ خواب جناب محمد لطیف خان، چیئرمین ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی
کے تعاون سے شرمندہ تعبیر ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی سب سے بڑی خواہش یہ ہے کہ ہر شاگرد کے دل میں قرآن کی محبت پیدا ہو اور وہ آگے چل کر اپنے علاقوں میں ہزاروں حفاظ و قراء تیار کریں۔ 14 ستمبر کو اس بیچ کا امتحان ہوچکا ہے اور بہت جلد جلسۂ تقسیم اسناد منعقد کیا جائے گا۔کورس کے دو تہائی شرکاء حفاظ تھے، جبکہ ایک تہائی شرکاء کا تعلق مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تھا، جن میں ڈاکٹرس، انجینئرس، علماء کرام اور مفتیان کرام اساتذہ اور ننھے طلبہ بھی شامل رہے۔ ایک بزرگ، جن کی عمر 75 برس ہے ، نے بھی اس کورس میں شرکت کو اپنی خوش نصیبی قرار دیا۔
شرکاء نے بالعموم اس تربیتی موقع کو اپنی زندگی کا قیمتی سرمایہ اور قاری نصیر الدین منشاوی کی شاگردی کو باعث فخر بتایا۔تیسرے بیچ کا آغاز ان شاءاللہ نومبر کے پہلے ہفتے میں کیا جائے گا، جس میں مزید بڑی تعداد میں حفاظ اور نوجوانوں کے شامل ہونے کی امید ہے۔



