تلنگانہ کیڈر کے لئے 4 نئے آئی پی ایس عہدیدار الاٹ – عائشہ فاطمہ بھی شامل
تلنگانہ کیڈر کے لئے 4 نئے آئی پی ایس عہدیداروں کو مرکزی حکومت نے الاٹ کیا ہے۔ ان میں مدھیہ پردیش سے عائشہ فاطمہ، مہاراشٹرا سے مندارے سوهَم سنیل، راجستھان سے منیشا نہرا اور جھارکھنڈ سے راہول کانت شامل ہیں۔

عائشہ فاطمہ مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والی 2022 بیچ کی پہلی مسلم خاتون آئی پی ایس افسر ہیں، جنہوں نے یو پی ایس سی امتحان میں 184واں رینک حاصل کیا تھا۔
انہوں نے مالوا ریجن کے دیوس شہر میں واقع وِندھیہ آچل اسکول سے 11ویں جماعت تک تعلیم حاصل کی اور 12ویں جماعت ماڈل پبلک اسکول سے مکمل کی۔ ان کے والد نذیر الدین شیخ سرکاری ٹیچر ہیں جبکہ والدہ ایک اسکول ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
عائشہ فاطمہ اپنے خاندان میں دوسری بیٹی ہیں۔ وہ ابتدا سے ہی ذہین طالبہ رہیں اور انجینئرنگ کے مسابقتی امتحان جے ای ای میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے 2015 میں ایس جی ایس آئی ٹی ایس کالج، اندور سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں گریجویشن مکمل کیا۔



