ملٹی لیول مارکیٹنگ کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے والے دو ملزمین گرفتار – اے سی پی سی سی ایس نظام آباد ناگیندر چاری کی پریس کانفرنس

ملٹی لیول مارکیٹنگ کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے والے دو ملزمین گرفتار
اے سی پی سی سی ایس نظام آباد ناگیندر چاری کی پریس کانفرنس
نظام آباد: 24/ ستمبر (اردو لیکس) نظام آباد سی سی ایس پولیس نے ملٹی لیول مارکیٹنگ کے نام پر دھوکہ دینے والے دو ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ سی سی ایس اے سی پی نظام آباد ناگیندر چاری نے سی سی ایس آفس میں منعقدہ ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ محمد معز خان ہاشمی کالونی اور سید احمد حسن محمدیہ کالونی نظام آباد پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 316(2)، 318(4)، 351(2) کے علاوہ تلنگانہ پروٹیکشن آف ڈپازیٹرس اینڈ فائننشل ایکٹ 1999 اور پرائز چٹس اینڈ منی سرکولیشن اسکیمز (بیننگ) ایکٹ 1978 کے تحت کارروائی کی گئی۔ ناگیندر چا ری نے بتایا کہ ملزمین نے عوام کو دھوکہ دینے کی غرض سے ایک منصوبہ تیار کیا اور ”شریم ایورگرین کنسٹرکشنس” کے نام سے فرضی کمپنی قائم کی۔ اس کمپنی کے ذریعہ زیادہ منافع دینے کا جھانسہ دے کر عوام سے رقوم وصول کی گئی اور بعد میں انہیں دھوکہ دیا گیا۔ مزید یہ کہ پیسوں سے بچنے کے لئے 125 افراد کو آئی پی نوٹس روانہ کئے گئے
۔ ملزمین نے ”پرافٹ فری ہب ڈاٹ کام” اور ”اسکوٹرا پرافٹ ڈاٹ کام” جیسے آن لائن پلیٹ فارمز تیار کئے اور ان کے ذریعے عوام سے رقومات حاصل کی۔پولیس نے بتایا کہ ملزمین نے ”مووان انفرا اسٹرکچر کمپنی” کے نام پر بھی رقوم جمع کیں حالانکہ ان کا اس کمپنی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ عوام کو دھوکہ دے کر حاصل کی گئی رقوم کے بعض حصے کو انہوں نے تھائی لینڈ اور گوا منتقل کیا اور اسے تحفہ کے نام پر ظاہر کیا۔
مزید یہ کہ ملزمین منشیات کے استعمال میں بھی ملوث پائے گئے۔پولیس سی سی ایس نظام آباد نے اس کیس کی تفصیلات درج کرتے ہوئے کہا کہ ملزمین کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں اور دھوکہ دہی کے اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کی نشاندہی بھی کی جارہی ہے۔