موبائل فون کے پیسے کے معمولی جھگڑے نے نازیہ کی جان لے لی
یہ واقعہ نہایت دردناک اور دل دہلا دینے والا ہے۔ اترپردیش کے گونڈہ ضلع میں نازیہ نامی شادی شدہ خاتون نے اپنے شوہر اسماعیل کی طرف سے طلاق دینے کی ضد سے دل برداشتہ ہو کر خودکشی کرلی۔
خودکشی سے قبل نازیہ نے ایک ویڈیو ریکارڈ کی جس میں اس نے اپنے شوہر کو اپنی موت کا ذمہ دار قرار دیا۔ ویڈیو میں نازیہ کہتی ہے کہ "مجھ سے کوئی غلطی نہیں ہوئی، پھر بھی میرا شوہر مجھے طلاق دینا چاہتا ہے۔ وجہ صرف یہ ہے کہ میرے بھائی نے کبھی اس سے ایک موبائل لیا تھا، اب وہ اس کے پیسے مانگ رہا ہے۔
اسے لگتا ہے کہ میں اپنے میکے والوں کا ساتھ دے رہی ہوں۔ اسی بات سے ناراض ہو کر وہ طلاق دینے پر اڑا ہوا ہے۔ میں طلاق نہیں چاہتی، اپنی پوری زندگی ایک ہی شوہر کے ساتھ گزارنا چاہتی ہوں۔ میں یہ رشتہ کسی بھی حالت میں توڑنا نہیں چاہتی، چاہے جان ہی کیوں نہ چلی جائے۔
میری آخری درخواست ہے کہ میرے جانے کے بعد کوئی کسی کو تنگ نہ کرے، اور میرے بچے کی حفاظت کی جائے، اسے اچھی تعلیم و تربیت دی جائے۔” یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر وائرل ہورہا ہے، جہاں لوگ نازیہ کے دکھ بھرے الفاظ سن کر رنج و غم کا اظہار کر رہے ہیں۔



