آصف آباد کے نو تقرر شدہ ڈپٹی کلکٹر جوئل کو میوا کی جانب سے شاندار تہنیت پیش

آصف آباد کے نو تقرر شدہ ڈپٹی کلکٹر جوئل کو میوا کی جانب سے شاندار تہنیتی پیش
نرمل، 2/اکٹوبر (ایم۔اے۔وحید):مائناریٹی ایمپلائز ویلفیئر اسوسی ایشن (MEWA) نرمل کی جانب سے جمعرات کے دن آصف آباد ضلع کے نو تقرر شدہ ڈپٹی کلکٹر مسٹر جی۔ جے۔ جوئل، فرزند مسٹر اینڈ مسز سلومی کرونا اور جی جے ڈینئیل سے نرمل کے محلہ پریہ درشنی نگر میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی گئی۔ اس موقع پر مائناریٹی ایمپلائز ویلفیر اسوسی ایشن (میوا) کے عہدیداران اور معزز ارکان نے انہیں شال اڑھاتے ہوئے گلپوشی کی اور نیک تمناؤں کے ساتھ تہنیت پیش کی۔
اس موقع پر ذمہ داران نے کہا کہ مسٹر جی۔ جے۔ جوئل کی ڈپٹی کلکٹر کے عہدے پر تقرری اقلیتی برادری کے لئے باعث مسرت و فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی نوجوان نسل کے لیے ایک روشن مثال ہے کہ محنت، عزم اور لگن سے ہر منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔ ذمہ داران نے مزید کہا کہ جی جے جوئل اپنی نئی ذمہ داریوں کو دیانت داری، شفافیت اور خدمتِ خلق کے جذبے کے ساتھ بخوبی انجام دیں گے۔
اس موقع پر زیڈ ایچ مسعود، مقصود احمد، آمین الدین، ناہید پاشاہ، محمد عبدالمتین، عبدالمجید، سید مظہر حسین، ایوب خان، سید سرفراز، سید شاہد علی، محمد آصف، شیخ فاضل اور ڈاکٹر ساجد معراج کے علاوہ دیگر اراکین بھی موجود تھے۔