تلنگانہ

آر ٹی سی بس کرایوں میں اضافہ کے فیصلہ کو فوری واپس لیا جائے – تلنگانہ جاگروتی کے ورکنگ صدر ایل روپ سنگھ کا بیان

آر ٹی سی بس کرایوں میں اضافہ کے فیصلہ کو فوری واپس لیا جائے

غریب عوام پر ظلم ناقابل برداشت۔احتجاج منظم کرنے کا انتباہ

تلنگانہ جاگروتی کے ورکنگ صدر ایل روپ سنگھ کا بیان

 

حیدرآباد:گریٹر حیدرآباد حدود میں سٹی بسوں کے کرایوں میں اضافہ کے فیصلے پر تلنگانہ جاگروتی کے ورکنگ صدر ایل روپ سنگھ نے شدید رد عمل کا اظہار کیا اور حکومت سے اس فیصلہ کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔بنجارہ ہلز میں واقع تلنگانہ جاگروتی کے دفتر میں پارٹی قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روپ سنگھ نے کہا کہ کانگریس حکومت ایک طرف خواتین کو مفت سفر کی اسکیم کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے، دوسری جانب بسوں کی تعداد میں نمایاں کمی کر کے عام عوام کے سفر کو نہایت دشوار بنا دیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ حکومت نے بسوں کی تعداد بڑھانے کے بجائے عوام پر بھاری کرایوں کا بوجھ ڈال دیا ہے۔ تہواروں کے موقع پر عوام سے اضافی چارجس وصول کرنے کے بعد اب تہوار ختم ہوتے ہی شہر میں کرایوں میں زبردست اضافہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب ہر اسٹاپ پر 10 روپئے اضافی کرایہ وصول کیا جائے تو روزانہ مزدوری کرنے والے یا عام شہریوں کا کیا حال ہوگا؟روپ سنگھ نے کہا کہ آر ٹی سی بسوں میں سفر کرنے والے زیادہ تر غریب اور متوسط طبقہ کے لوگ ہوتے ہیں

 

، اور ان پر اس طرح کا مالی بوجھ ڈالنا کسی بھی طرح مناسب نہیں۔ انتخابات کے دوران بڑے بڑے وعدے کرنے والی کانگریس پارٹی اقتدار میں آتے ہی عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈال رہی ہے اور غریبوں کی کمر توڑنے پر تلی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی غلط پالیسیوں کے باعث تلنگانہ ریاست کی صورتحال بگڑتی جا رہی ہے۔ کرایوں میں یہ اضافہ عام عوام کے لئے مزید مشکلات پیدا کرے گا۔روپ سنگھ نائیک نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے بس کرایوں میں اضافہ کے فیصلے کو فوری واپس نہیں لیا تو تلنگانہ جاگروتی عوامی سطح پر بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کرے گی

 

۔اس موقع پر تلنگانہ جاگروتی کے ریاستی نائب صدر سری کانت راؤ، یوتھ جاگروتی کے صدر شیواریڈی، رنگا ریڈی ضلع صدر پانڈو رنگا ریڈی اور قائدین ستیہ نارائنا، جیتندر، روی راتھوڑ، پالا نیشا، کشن نائیک، کلیان نائیک و دیگر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button