ایم ایل اے گوشہ محل راجہ سنگھ کی گستاخانہ تقریر کے خلاف نظام آباد کے سماجی کارکن ندیم احمد کی پولیس کمشنر سے شکایت

ایم ایل اے گوشہ محل راجہ سنگھ کی گستاخانہ تقریر کے خلاف نظام آباد کے سماجی کارکن ندیم احمد کی پولیس کمشنر سے شکایت
نظام آباد، 6 اکتوبر (اردو لیکس): نظام آباد کے سماجی کارکن ندیم احمد نے گوشہ محل، حیدرآباد کے ایم ایل اے راجہ سنگھ کے خلاف پولیس کمشنر نظام آباد کو تحریری شکایت پیش کی ہے، جس میں انہوں نے راجہ سنگھ کی نفرت انگیز تقریر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے اور قانونی کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے۔
شکایت میں بتایا گیا کہ راجہ سنگھ نے اندور، مدھیہ پردیش میں دسہرہ کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخانہ کلمات ادا کیے، اس بیان کو ندیم احمد نے انتہائی اشتعال انگیز، توہین آمیز اور سماجی ہم آہنگی کے لیے خطرناک قرار دیا ہے
۔ انہوں نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ اس طرح کے بیانات نہ صرف مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچاتے ہیں بلکہ ہندو اور مسلم برادریوں کے درمیان نفرت، بدامنی اور انتشار پھیلانے کی مذموم کوشش ہیں جن سے سماجی امن متاثر ہوتا ہے۔ ندیم احمد نے پولیس کمشنر سے مطالبہ کیا کہ وہ متعلقہ قانونی دفعات کے تحت ایم ایل اے راجہ سنگھ کے خلاف سخت کارروائی کریں تاکہ اس طرح کے بیانات کا سلسلہ بند ہو اور سماج میں بھائی چارہ و ہم آہنگی قائم رہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مذہبی شخصیات کی توہین ناقابلِ برداشت ہے اور قانون کو بلا امتیاز ان شر پسند عناصرکے خلاف سخت کاروائی کرنی چاہیے تاکہ عوام کے دلوں میں انصاف اور امن پر اعتماد برقرار رہے