جگتیال میں فری میگا ہیلت کیمپ کا کامیاب انعقاد امارتِ ملتِ اسلامیہ ہیلت کمیٹی کی جانب سے مثالی عوامی خدمت

جگتیال میں فری میگا ہیلت کیمپ کا کامیاب انعقاد
امارتِ ملتِ اسلامیہ ہیلت کمیٹی کی جانب سے مثالی عوامی خدمت
جگتیال، 12 اکتوبر ( عقیل خان )امارتِ ملتِ اسلامیہ ہیلت کمیٹی جگتیال کے زیرِ اہتمام اتوار کے روز مدرسہ دارالحسنات ڈی پی ایس اسکول میں ایک فری میگا ہیلتھ کیمپ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ اس کیمپ میں شہر کے مختلف اسپتالوں سے تعلق رکھنے والے 30 سے زائد ماہر ڈاکٹروں نے حصہ لیتے ہوئے مرد، خواتین اور بچوں کا مفت طبی معائنہ کیا۔
اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد نے کیمپ سے استفادہ کیا، جبکہ ڈاکٹروں نے مختلف امراض کے لیے مفت دوائیں بھی فراہم کیں۔ کیمپ کے انعقاد کو شہریوں نے صحتِ عامہ کے فروغ کی ایک بہترین کوشش قرار دیا۔
پروگرام کی صدارت امارتِ ملتِ اسلامیہ کے صدر جناب محمد عبدالباری نے کی، جب کہ کارروائی جنرل سیکریٹری سید خواجہ نعیم الدین نے انجام دی۔ تقریب میں سابق وزیر ٹی. جیون ریڈی، ڈاکٹر مسکو جائے پال ریڈی، ڈاکٹر سرینیواس (DM & HO) اور محمد عمران ایڈوکیٹ نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
مہمانانِ خصوصی نے اپنے خطاب میں امارتِ ملتِ اسلامیہ ہیلت۔کمیٹی کے اس اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے فلاحی پروگرام عوامی صحت کے لیے نہایت ضروری ہیں۔
کیمپ کے اختتام پر صدرِ ملتِ اسلامیہ محمد عبدالباری نے تمام شریک ڈاکٹروں کو میمونٹو، شال اور گلدستے پیش کر کے اعزاز سے نوازا۔
اس کامیاب پروگرام کے انتظامات میں کمیٹی کے ذمہ داران عقیل خان (ایڈوائزر صدر ملت اسلامیہ)، مسیح الدین افسر (سرپرستِ اعلیٰ)، عقیل الدین جاوید، عادل احمد پٹیل، سید شرجیل (صدر ہیلت کمیٹی)، ساجد پٹواری، محمد منعیم الدین، مسیح محمد، اظہر، ظہیر، وسیم اور عسکر نے نمایاں کردار ادا کیا۔
اختتامی کلمات میں مقررین نے کہا کہ امارتِ ملتِ اسلامیہ ہیلت کمیٹی مستقبل میں بھی عوامی خدمت اور فلاحی سرگرمیوں کو اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھے گی۔