جنرل نیوز

سماجی ناانصافیوں کے خاتمہ کے لیے صدائے احتجاج بلند کرنا شعراو ادیبوں کا اہم وصف

حیدرآباد 14 اکتوبر( اردو لیکس) حیدرآباد کی ادبی و شعری محفلیں اپنی نوعیت کے اعتبار سے انتہائی منفرد اور قابل سماعت ہوتی ہیں اردو زبان کی محفلوں میں شریک ہونا ہمارے لیے باعث اعزاز ہے اور جو لوگ یہ محفلیں منعقد کرتے اور سجاتے ہیں وہ قابل مبارک ہیں ایسے ہی اردو کے خدمت گزار اور اردو کے سچے بہی خوا ہوں میں پروفیسر محمد مسعود احمدنمایاں ہیں اردو زبان و ادب کے لیے ان کی خدمات مثالی ہیں

 

 

ان خیالات کا اظہار” ایوان احمد رباط محبان اردو” ملک پیٹ میں جناب سید منہاج الدین چیئرمین وبانی تلنگانہ ویلفیئر اسوسی ایشن سعودی عرب نے کیا جو ان کے اعزاز میں بنام "تہنیتی تقریب و مشاعرہ "منعقد کی گئی تھی جناب اشفاق حیدر چیئرمین سروجنی نائیڈو ونیتامہا ودیا لیہ مہمان خصوصی تھے ادبی اجلاس اور مشاعرہ کی صدارت جناب افتخار حسین نے کی ڈاکٹر مخدوم محی الدین مہمان اعزازی تھے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے جناب سید منہاج الدین نے پروفیسر محمد مسعود احمد کو اردو کا سچا بے لوث سپاہی قرار دیا اور کہا کہ اردو زبان و ادب کے لیے پروفیسر مسعود احمد کی خدمات سبھی کے لیے قابل تقلید ہیں وہ ایک سچے اور خالص جذبہ کے تحت اردو کی خدمت اور شعرا وادیبوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں آج کی دنیا میں نام و نمود اور شہرت سے بے نیاز ہو کر اردو کی خدمت کرنا بڑا ہی عظیم کام ہے

 

 

جناب سید منہاج الدین نے مزید کہا کہ اردو والوں کو چاہیے کہ وہ اپنے گھروں میں اور تقاریب میں زیادہ سے زیادہ اردو زبان میں بات کرنے کے ماحول کو عام کریں جب تک ہمارے گھروں اور ماحول میں اردو زبان زندہ رہے گی اردو ہمیشہ شاد و آباد رہے گی پروفیسر محمد مسعود احمد( کنوینر )نے جناب سید منہاج الدین اور جناب اشفاق حیدر ،افتخار حسین اور دیگر محبان اردو کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اردو زبان وادب کی خدمت اور شعرا اور ادیبوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایوان احمد رباط محبان اردو ملک پیٹ میں اس طرح کی محفلیں وقت منعقد کی جاتی ہیں ایوان احمدکے دروازے شعرا اور ادیبوں کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں اور ہمیشہ کھلے رہیں گے انہوں نے کہا کہ تمام شعرا اور ادیب آپس میں متحد اور متفق رہیں یہی ہماری کوشش رہتی ہے شعراء اور ادیبوں کے اتحاد اور اتفاق سے ہی ملک و قوم کی تیز رفتار ترقی ہوتی ہے بالخصوص شعرا اور ادیبوں کاگروہ بندیوں سے آزاد ہونا وقت کا تقاضہ ہے اور اسی وقت ہی ہم اردو کے سچے ہمدرد کہلائے جا سکتے ہیں

 

 

انہوں نے کہا کہ حکومتوں کی جب بھی عوام سے بے رخی ہوتی ہے یا پھر نا انصافیاں ہوتی ہیں شعرا برادری ہی اپنے کلام کے ذریعے قوم میں ایک عظیم انقلاب برپا کرتی ہے مہمان خصوصی جناب اشفاق حیدر چیئرمین سروجنی نائیڈو ونیتا مہا ودیالیہ نے اس تقریب و مشاعرہ کے انعقاد پر اظہار مسرت کرتے ہوئے پروفیسر محمد مسعود احمد کودلی مبارک باد دی اور کہا کہ اس طرح کی محفلیں ادبی دنیا میں انفرادی مقام رکھتی ہیں پروفیسر محمد مسعود احمد اردو کے سچے خادم ہیں زبان و ادب سے ان کا لگاؤ قابل دید ہے سبھی کو ایسے کاموں کی ستائش کرنی چاہیے انہوں نے مشاعرہ میں مختلف شعراء کے کلام پر اظہار پسندیدگی بھی کیا اور کہا کہ شاعری دلوں کو جھنجوڑنے کا موثر ذریعہ ہے جناب افتخار حسین صدر بانی فیض عام ٹرسٹ نے کہا کہ ٹرسٹ کی جانب سے ممکنہ حد تک ضرورت مندوں کی مدد کی جاتی ہے اس مدد کے پہنچانے کا مقصد کوئی شہرت حاصل کرنا نہیں بلکہ اللہ کی خوشنودی حاصل کرنا ہوتا ہے اس موقع پر جناب وحید الدین خان موظف آربی ائی ،جناب راشد علی خان ڈپٹی خازن سنگارینی کالریز ،جناب قمر الدین علی خان ،ڈاکٹر ایس اے ستار سائنٹسٹ امریکہ ،ڈاکٹر آصف علی، ارشاد سہیل، جہانگیر قیاس، سہیل عظیم اور دوسرے موجود تھے قبل ازیں مشاعرہ منعقد ہوا جس میں سید سمیع اللہ سمیع، پروفیسر محمد مسعود احمد، وحید پاشاہ قادری ،اسماعیل ذبیح اللہ، انجنی کمار گوئل،

 

 

نوید جعفری نے کلام سنایا وحید پاشاہ قادری نے مزاحیہ کلام سنا کر خوب داد پائی جناب اسماعیل ذبیح نے مشاعرہ کی نظامت کی اس موقع پر پروفیسر مسعود احمد کی تخلیقات احساسات مسعود اور تخلیقات مسعود مہمانوں اور شرکاء کو بطور تحفہ پیش کی گئی معزز مہمانوں جناب سید منہاج الدین جناب اشفاق حیدر اور جناب افتخار حسین و ڈاکٹر مخدوم محی الدین کی پروفیسر مسعود احمد نے شال پوشی و گل پوشی کی

متعلقہ خبریں

Back to top button