دوسروں کے موبائل فون زبردستی چیک کرنے کے الزام میں عادل آباد میں دو افراد گرفتار
عادل آباد، 21/ اکتوبر ( اردو لیکس ) تلنگانہ کے عادل آباد شہر میں دو افراد کے خلاف زبردستی دوسروں کے موبائل فون چیک کرنے اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں پولیس نے مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق، موالا پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آئے اس واقعہ کے بعد ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی نے واضح کیا کہ کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کا اختیار نہیں۔ اگر کوئی شخص اپنی من مانی کرتے ہوئے دوسروں کو ہراساں کرے گا تو اُس کے خلاف پولیس کارروائی لازمی ہے۔
شکایت کنندہ شیخ سلمان ولد معین (عمر 25 سال) نے پولیس میں شکایت درج کرواتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے دوست عمران خان کے ساتھ ایم ایس بیکری، دسناپور کے قریب چند خاتون دوستوں سے ملاقات کر رہا تھا،
اسی دوران رالّابنڈی مہندر اور بنڈاری سنتوش نامی افراد چند ساتھیوں کے ہمراہ پہنچ کر سلمان پر الزام عائد کیا کہ اُن کے فون میں لڑکیوں کی نازیبا تصاویر ہیں۔ دونوں نے زبردستی موبائل فون چھین کر چیک کیا، گالی گلوج اور مارپیٹ کی، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔
پولیس نے دونوں ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا ہے۔ ڈی ایس پی ایل جیون ریڈی نے کہا کہ اگر کسی کے پاس کوئی شکایت یا ثبوت ہے تو وہ قانون کے مطابق پولیس کو اطلاع دے، خود اقدام کرنا غیر قانونی ہے۔
انہوں نے انتباہ دیا کہ اس طرح دوسروں کے موبائل فون زبردستی چیک کرنا یا ہراسانی کرنا قانون کی خلاف ورزی ہے، اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ بلا خوف و خطر پولیس سے رجوع کریں، کیونکہ پولیس عوامی تحفظ کے لیے ہر وقت سرگرم ہے۔



