ماہنامہ “شگوفہ” کے 57 سالہ ریکارڈ سے منتخب اداریوں کے ضخیم مجموعے کی اشاعت

ریاض (راست) اردو کی ادبی صحافت ہیں کئی اعتبار سے منفرد، ممتاز اور اہم مقام کے حامل 57 سالہ ماہنامہ “شگوفہ” نے اس کے بانی و مدیر ڈاکٹر سید مصطفی کمال کے تاریخ ساز اداریوں کا ایک ضخیم 410 صفحات پر مشتمل انتخاب شائع کیا ہے۔
جس کے مرتبین پروفیسر نسیم الدین فریس اور جناب واحد نظام آبادی ہیں۔ 57 سال طویل عرصہ میں لکھے گئے ان فکر انگیز، معلوماتی اور ہمہ پہلو ادبی اداریوں میں اردو طنز و مزاح کے آغاز و ارتقاء کے تمام زاویوں کے علاوہ زبان و ادب اور صحافت کے نت نئے موضوعات زیر بحث آئے ہیں۔ اردو طنز و مزاح نگاروں کے انفرادی اور اجتماعی کارناموں پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔ اس کے علاوہ زندگی، سماج، شعر و ادب، سیاست، صحافت اور حالات و حوادث کے حوالے سے متنوع گفتگو کی گئی ہے۔
زندہ دلان حیدرآباد کے ترجمان ماہنامہ شگوفہ نے بے شمار نوخیز لکھنے والوں کواس صنف کی بلندیوں تک پہنچنے میں مدد و معاونت کی ہے۔ بیسویں صدی اور اکیسویں کے ایک سو پچاس سے زائد طنز و مزاح نگاروں پر خصوصی نمبر شائع کئے گئے۔ دستاویزی خصوصی نمبروں اور گوشوں میں ان کی شخصیت اور فن کا جائزہ لیا گیاہے۔ اس ضخیم کتاب میں 180 ادیبوں، شاعروں، فن کاروں اور صحافیوں کے انتقال پر لکھے گئے
خصوصی تعزیتی اداریے شامل بھی ہیں۔ شگوفہ کے اداریوں میں انیسوین اور بیسوین صدی کی طنز و مزاح کی اہم سرگرمیوں کو سمییٹا گیاہے۔ جو اپنی نوعیت کا انوکھا کام ہے۔ یہ کتاب ہدی بک ڈپو، پرانی حویلی اور دفتر شگوفہ فرسٹ لانسر سے حاصل کی جاسکتی ہے۔



