نیشنل

آکولہ کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں رکن اسمبلی کے خلاف فوجداری مقدمہ درج۔مذہبی جذبات مجروح کرنے کا الزام

آکولہ ،۷؍نومبر(ڈاکٹر محمد راغب دیشمکھ کی رپورٹ) احمد نگر ضلع کے اہلیہ نگر اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی سنگرام ارون کمار جگتاپ (نیشنلسٹ کانگریس پارٹی،اجیت پوار گروپ) کے خلاف مذہبی جذبات مجروح کرنے کے الزام میں آکولہ کی چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (CJM) عدالت میں فوجداری مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

 

 

الزام کے مطابق، رکن اسمبلی سنگرام جگتاپ نے 10 اکتوبر 2025 کو شولاپور میں منعقدہ ہندو آکروش مورچہ کے جلس? عام میں دیوالی کے موقع پر ایک مخصوص مذہبی طبقے کے خلاف اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ بیان دیا تھا۔شکایت کنندہ کے مطابق، یہ بیان مختلف مذاہب اور برادریوں کے درمیان نفرت، منافرت اور سماجی خلفشار پیدا کرنے کے ارادے سے دیا گیا تھا۔اطلاعات کے مطابق، اس بیان سے ملک کے ایک بڑے طبقے کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے، جس کا اثر آکولہ شہر اور ضلع میں بھی محسوس کیا گیا۔

 

 

اس واقعے کے خلاف آکولہ کے معروف سماجی کارکن، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ) کے مہاراشٹر ریاست تنظیمی سکریٹری اور کچھی میمن سوسائٹی، آکولہ کے صدر محمد جاوید محمد زکریا (جاوید زکریا) نے رامداس پیٹھ پولیس اسٹیشن، ضلعی پولیس حکام اور اسمبلی اسپیکر کو تحریری شکایت دی تھی۔تاہم، مبینہ طور پر رکن اسمبلی کے حکمران گروپ سے تعلق کے باعث پولیس کی جانب سے شکایت پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔اس کے بعد جاوید زکریا نے سینئر فوجداری وکیل ایڈوکیٹ نجیب شیخ کے ذریعے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ، آکولہ کی عدالت میں براہ راست فوجداری مقدمہ دائر کیا۔

 

 

عدالت کے رجسٹرار نے جاوید زکریا کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ فوجداری (ایم سی اے) کیس کے طور پر درج کر کے مزید عدالتی کارروائی کے لیے متعلقہ عدالت کو روانہ کر دیا ہے۔درخواست میں رکن اسمبلی سنگرام جگتاپ کے خلاف تعزیراتِ ہند کی درج ذیل136(1)(ا)(ب)(ج)، دفعہ 136(2)، دفعہ 197(ا)(ب)(ج)(د)، اور دفعہ 356(1) (2) (3) دفعات کے تحت کارروائی کی استدعا کی گئی ہیاس مقدمے نے مہاراشٹر کی موجودہ سیاست میں کھلبلی مچا دی ہے

 

 

اور سیاسی و سماجی حلقوں میں اس پر گرم بحث جاری ہے۔مقدمے میں جاوید زکریا کی پیروی ایڈوکیٹ نجیب شیخ کر رہے ہیں۔

 

 

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button