وقف بورڈ کے چیئرمین نے عملے کو ’’امید پورٹل‘‘ پر معلومات کی فوری تکمیل کی ہدایت دی

جالنہ، 7 نومبر (شیخ احمد شیخ اکبر جالنوی)
مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف وقف کے چیئرمین سمیر قاضی نے تمام وقف بورڈ کے ملازمین کو سخت انتباہ دیا ہے کہ وہ امید پورٹل (UMEED Portal) پر وقف جائیدادوں کی معلومات 5 دسمبر تک اپ لوڈ کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
جمعہ کے روز گورنمنٹ ریسٹ ہاؤس، جالنہ میں مسلم نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قاضی نے اس کام کی اہمیت اور فوری نوعیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے وقف ترمیمی ایکٹ کے تحت 5 دسمبر کی آخری تاریخ مقرر کی ہے۔انہوں نے کہا، ’’ریاست میں 18,000 سے زائد وقف جائیدادیں ہیں، لیکن اب تک صرف 3,000 جائیدادوں کی تفصیلات اپ لوڈ کی گئی ہیں۔ اگر کوئی ملازم یا افسر اپنی ذمہ داریوں میں غفلت برتتا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی، بشمول معطلی (Suspension)، عمل میں لائی جائے گی۔‘‘
اجلاس کے دوران نمائندوں نے چیئرمین سے اپیل کی کہ وہ وقف افسران کو ہدایت دیں کہ وہ مکمل تعاون کریں اور امید پورٹل پر ڈیٹا اپ لوڈ کرنے میں درکار مدد فراہم کریں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ متولیوں (Mutawallis) اور مسجد انتظامیہ کمیٹیوں کو پورٹل کے استعمال میں کئی مشکلات درپیش ہیں۔اپیل کے جواب میں قاضی نے یقین دہانی کرائی کہ وقف دفاتر ہفتے کے ساتوں دن کھلے رہیں گے جب تک ڈیٹا اپ لوڈ مکمل نہیں ہو جاتا، اور افسران کو چھٹی نہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ ’’احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت نتائج بھگتنے ہوں گے۔‘‘
انہوں نے متولیوں اور انتظامیہ کمیٹیوں سے کہا کہ وہ اپنی جائیدادوں کی معلومات 5 دسمبر تک امید پورٹل پر لازمی طور پر اپ لوڈ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جن وقف جائیدادوں کا اندراج گزٹ میں ہو چکا ہے مگر ان کی رجسٹریشن نہیں ہوئی ہے، ایسی تمام جائیدادوں کے لیے بورڈ از خود (سوموٹو) رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اتوار تک جاری کرے گا۔
فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمز (FMM) کے عہدیداران نے چیئرمین کو بتایا کہ انہوں نے جماعتِ اسلامی کے دفاتر دکھی نگر اور گاندھی نگر میں سروس سینٹرز قائم کیے ہیں تاکہ متولیوں اور انتظامیہ کمیٹیوں کو ڈیٹا اپ لوڈ کے عمل میں رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ چیئرمین نے اس موقع پر زور دیا کہ ڈیٹا اپ لوڈ کی بروقت تکمیل نہایت ضروری ہے۔
اجلاس میں سینئر لیڈر اقبال پاشا، کنوینر FMM مہاراشٹر عبدالمجیب، ایوب خان، فہیم فلاحی، اقبال قریشی، شیخ اسماعیل، احمد نور قریشی، امجد فاروقی، عطا محمد بکش، سہیل قاضی، عبد الحمید، شیخ وسیم، وقف بورڈ کے افسران ریحان ہاشمی اور شیخ عمران بھی موجود تھے.انہوں نے کہا کہ جن وقف جائیدادوں کا اندراج گزٹ میں ہو چکا ہے مگر ان کی رجسٹریشن نہیں ہوئی ہے، ایسی تمام جائیدادوں کے لیے بورڈ از خود (سوموٹو) رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اتوار تک جاری کرے گا۔


