عادل آباد میں پارسل ڈیلیوری میسج کے بہانے ایک شخص سے 46 ہزار روپے کا آن لائن فراڈ

عادل آباد، 7 نومبر (اردو لیکس) تلنگانہ کے عادل آباد میں آن لائن دھوکہ دہی کا ایک اور واقعہ پیش آیا، جس میں ایک شخص کو پارسل ڈیلیوری کے نام پر 46 ہزار 408 روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ اس سلسلے میں تفصیلات بتاتے ہوئے عادل آباد ون ٹاؤن انسپکٹر بی۔ سنیل کمار نے کہا کہ شانتی نگر کے رہنے والے محمد بلال کو گزشتہ ماہ 21 اکتوبر کو فون پر ایک جعلی پیغام موصول ہوا جس میں لکھا تھا کہ “انڈیا پوسٹ ڈیلوری یور پارسل واز انسکسیس فل ڈیو ٹو انکریکٹ ایڈریس”۔
اس پیغام کے ساتھ ایک ویب سائٹ لنک دیا گیا تھا جس پر کلک کرنے کے بعد متاثرہ شخص نے اپنا پتہ اپڈیٹ کیا۔ اس کے بعد ایک اور پیغام میں پارسل ڈیلیوری چارجز کے طور پر 10 روپے کی ادائیگی کا کہا گیا، جس پر اس نے اپنے کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی کی۔ تاہم، کچھ دیر بعد 25,782 روپے اس کے کھاتے سے کٹ گئے اور "ٹرانزیکشن فیل” کا پیغام آیا۔
پریشانی میں بلال نے دوبارہ کارڈ نمبر درج کیا تو دوسری بار بھی 20,626 روپے اس کے کھاتے سے منہا ہو گئے۔ یوں مجموعی طور پر 46,408 روپے کا آن لائن فراڈ کیا گیا۔
متاثرہ شخص نے فوری طور پر بینک سے رابطہ کر کے اپنا اکاؤنٹ بلاک کروا دیا اور بعد ازاں پولیس میں شکایت درج کرائی۔
انسپکٹر سنیل کمار نے کہا کہ شکایت کی بنیاد پر کیس درج کرلیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی نامعلوم لنک پر کلک نہ کریں اور ذاتی بینک تفصیلات کسی کو بھی فراہم نہ کریں۔



