تلنگانہ کے عادل آباد میں نوجوان کی خودکشی کا افسوسناک واقعہ
عادل آباد میں نوجوان کی خودکشی کا افسوسناک واقعہ ۔ پولیس تحقیقات جاری
عادل آباد، 13/ نومبر (اردو لیکس) تلنگانہ کے شہر عادل آباد میں آج صبح ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک نوجوان نے پھانسی لے کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق، ضلع مستقر کے محلہ بکل گوڑہ نزد عائشہ مسجد کا ساکن محمد محسن چاوش ولد ظہیر چاوش (پیشہ: اے سی میکانک) نے جمعرات کی صبح عیدگاہ کی دیوار کے پیچھے ایک درخت سے لٹک کر خودکشی کرلی۔
مقامی افراد نے نعش کو درخت سے لٹکا ہوا دیکھ کر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی ٹو ٹاؤن پولیس موقع واردات پر پہنچ گئی اور نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے رمس مردہ خانہ منتقل کیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات جاری ہیں، اور خودکشی کی اصل وجہ تحقیقات کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ متوفی گزشتہ کچھ دنوں سے ذہنی دباؤ اور ڈپریشن کا شکار تھا۔
اہلِ محلہ نے بتایا کہ مرحوم محسن چاوش ایک خوش اخلاق، محنتی اور فرض شناس نوجوان تھا، تاہم گذشتہ ایام میں وہ شدید ذہنی تناؤ میں مبتلا تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔



