مدینہ منورہ میں عمرہ زائرین کا دلخراش اور المناک بس حادثہ- امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ جناب محمد اظہر الدین کا متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت

مدینہ منورہ میں عمرہ زائرین کا دلخراش اور المناک بس حادثہ
امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ جناب محمد اظہر الدین کا متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت
وفد کے ہمراہ متاثرہ خاندانون سے ملاقات کر کے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا
سعودی عرب میں مدینہ منورہ کے قریب پیش آنے والے دلخراش اور المناک بس حادثے میں حیدرآباد و تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے متعدد عمرہ زائرین کے انتقال کی افسوسناک خبر نے پورے ملک خصوصاً حیدرآباد اور ریاست تلنگانہ کو شدید غم و اندوہ میں مبتلا کر دیا ہے۔
اس موقع پر امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند، حلقہ تلنگانہ جناب محمد اظہر الدین نے اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ یہ سانحہ نہ صرف متاثرہ خاندانوں کے لیے بلکہ پوری ملت کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے، کیونکہ مرحومین ایک مقدس سفر پر تھے اور اللہ تعالیٰ کی رضا و مغفرت کے لیے عمرہ کی ادائیگی کے بعد مدینہ منورہ کی طرف رواں تھے
۔امیر حلقہ نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے حج و عمرہ ادا کرنے والوں کو اللہ کے مہمان قرار دیا ہے، اس لیے ہمیں کامل یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ ان زائرین کی مغفرت فرمائے گا، ان کے درجات بلند کرے گا اور انہیں اپنی رحمت و نعمت سے نوازے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثے کا صدمہ ان خاندانوں کے لیے ناقابلِ بیان ہے جن کے پیارے اس سفرِ مقدس کے دوران جاں بحق ہوچکے ہیں
۔واضح رہے کہ امیرحلقہ جناب محمد اظہر الدین نیجماعت اسلامی ہند تلنگانہ کے ایک وفد کے ہمراہ آج حیدرآباد کے مختلف علاقوں آصف نگر،جھرہ، معراج کالونی (ٹولی چوکی) اورمراد نگرکا دورہ کیا اور اُن پانچ خاندانوں سے ملاقات کی جن کے عزیزواقارب اس حادثے میں جاں بحق ہوئے ہیں اور ان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیااور تعزیت پیش کی۔امیرِ حلقہ نے مرکزی و ریاستی حکومت سے اپیل کی کہ وہ تمام مرحومین کی فوری شناخت کا عمل مکمل کریں،
زخمی شخص محمد شعیب کوبہترین طبی سہولیات فراہم کریں اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سرکاری، قانونی اور سفارتی مدد فراہم کریں۔ اس موقع پرامیر حلقہ جناب محمد اظہر الدین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے، ان کے اہل خانہ پر صبر و سکون نازل فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا کرے۔
مرحومین کے لواحقین سے ملاقات اور اظہار تعزیت کے موقع پر امیر حلقہ کے ہمراہ سکریٹری ملی امور جناب سیدفخر الدین علی احمد،اسسٹنٹ سکریٹری رابطہ عامہ جناب سید محمد عبدالقادر ناصر،اور جناب محمد صدیق بھی موجود تھے۔



