اوقاف کے آن لائن رجسٹریشن کے لیے ’امید پورٹل ہیلپ ڈیسک‘ کا قیام – جماعتِ اسلامی ہند، ملک پیٹ کا قابل تقلید اقدام
اوقاف کے آن لائن رجسٹریشن کے لیے ’امید پورٹل ہیلپ ڈیسک‘ کا قیام
حیدرآباد، 17؍ نومبر 2025 (پریس ریلیز)اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور ان کے اندراج کے عمل کو آسان و مؤثر بنانے کے مقصد سے جماعتِ اسلامی ہند، ملک پیٹ نے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔آج جماعت کے دفترِ مقامی، سعیدآباد متصل مسجد اجالے شاہ صاحب ؒپر’’امید پورٹل اوقاف رجسٹریشن ہیلپ ڈیسک‘‘ کا افتتاح عمل میں آیا،
جو اوقافی اداروں اور متولیان کو آن لائن رجسٹریشن، دستاویزات کی تیاری اور دیگر تکنیکی مراحل میں رہنمائی فراہم کرے گا۔ہیلپ ڈیسک کے انچارج جناب محمد منیر الدین نے بتایا کہ یہ ڈیسک تمام ایّام کار میں شام 4 بجے سے 9 بجے شب کام کرےگا۔مزید تفصیلات فون نمبر9440670202 پر حاصل کی جاسکتی ہیں ۔
یاد رہے کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے اپنے حالیہ فیصلے میں ملک بھر کی تمام اوقافی جائیدادوں کو حکومتِ ہند کے ’’یونائیفائیڈ وقف مینجمنٹ، ایمپاورمنٹ، ایفیشنسی اینڈ ڈیولپمنٹ (UMEED)‘‘ پورٹل پر اپ لوڈ کرنے کی ہدایت دی ہے۔یہ پورٹل جون 2025 میں حکومتِ ہند کی جانب سے جاری کیا گیا تھا، جس کے تحت وقف جائیدادوں کے تمام دستاویزات چھ ماہ کے اندر اپ لوڈ کرنا لازمی قرار دیا گیا۔ یہ مدت 5؍ دسمبر 2025 کو مکمل ہو رہی ہے۔
ابتدائی طور پر وقف بل 2025 کے خلاف احتجاجات کے دوران مسلم پرسنل لا بورڈ نے اپ لوڈنگ روکنے کی ہدایت دی تھی، تاہم عدالتی وضاحت اور ماہرینِ قانون کے مشورے کے بعد اب اپ لوڈنگ کی اجازت دے دی گئی ہے، جب کہ مدت میں توسیع کی درخواست عدالتِ عظمیٰ میں زیرِ غور ہے۔



