کاماریڈی کے بتکماں کنٹہ میں پولیس کی گھر گھر تلاشی ، کئی گاڑیاں ضبط، 7 افراد حراست میں
سید کوثر علی
تلنگانہ کے کاماریڈی ضلع ہیڈکوارٹر کے بتکماں کنٹہ کالونی میں آج صبح پولیس نے اچانک کارڈن سرچ آپریشن انجام دیا جس کے دوران 208 دو پہیہ گاڑیاں، 11 آٹو رکشے اور ایک کار ضبط کی گئی، جبکہ سات افراد کو شک کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا۔ کارروائی کے باعث مقامی افراد میں بےچینی دیکھی گئی۔
ایس پی راجیش چندر کی ہدایت پر کارروائی اے ایس پی چیتنیا ریڈی کی قیادت میں انجام دی گئی، جس میں 240 پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔ پولیس نے گھر گھر جاکر مکینوں کے آدھار کارڈ اور دیگر شناختی دستاویزات کی جانچ کی، ساتھ ہی گاڑیوں کے کاغذات بھی چیک کیے گئے۔
اے ایس پی چیتنیا ریڈی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور عوام میں احساسِ تحفظ پیدا کرنے کے لیے کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ محاصرہ احتیاطی اقدام کے طور پر انجام دیا گیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے۔




