نیشنل

میلگھاٹ کا جنگلاتی حسن اور قدیم تہذیب کا جشن  نرنالہ ثقافتی میلہ 13 سال بعد دوبارہ منعقد 

آکولہ ،۲۳؍نومبر(محمد راغب دیشمکھ کی خصوصی رپورٹ) ست پڑا کی گھنے پہاڑی سلسلوں کے درمیان بسے میلگھاٹ کے قدرتی حسن، جنگلاتی ورثے اور قدیم قبائلی ثقافت کو اجاگر کرنے کے مقصد سے ضلع آکولہ میں نرنالہ ثقافتی میلہ 30 جنوری سے یکم فروری تک شاندار پیمانے پر منعقد کیا جائے گا۔

 

 

اس سلسلے میں ضلع کلکٹر ورشا مینا کی صدارت میں آج مختلف محکموں کی آن لائن میٹنگ منعقد ہوئی جس میں انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ باہمی تعاون اور بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ ثقافتی میلہ کو کامیاب بنانے کے لیے سرگرم کردار ادا کریں۔کلکٹر ورشا مینا نے کہا کہ یہ ثقافتی میلہ میلگھاٹ کے جنگلات، نرنالہ قلعے کی تاریخی شان اور مقامی قبائلی ثقافت کا حسین امتزاج پیش کرے گا۔ انہوں نے تمام محکموں کو تاکید کی کہ مہوتسو کے لیے موزوں مقامات کی نشاندہی کی جائے اور پروگرام کا جامع شیڈول تیار کر کے فوری طور پر رپورٹ پیش کی جائے۔ اجلاس میں ضلع پریشد کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر انیتا میشرام، رہائشی نائب

 

 

کلکٹر وجے پاٹل، آکوٹ کے اسسٹنٹ کلیکٹر منوج لونارکر اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔میلگھاٹ کے جنگلات، قدرتی نظاروں اور تاریخی اہمیت کے باعث نرنالہ ثقافتی میلہ سیاحوں، فطرت دوستوں اور جنگلاتی حیات کے شوقینوں کے لیے خاص کشش رکھتا ہے۔ تیرہ برس کے وقفے کے بعد یہ مہوتسو دوبارہ منعقد کیا جا رہا ہے جس کے دوران زائرین کو میلگھاٹ کی فطری خوبصورتی اور مقامی قبائلی زندگی کا قریب سے مشاہدہ کرنے کا موقع ملے گا۔اس موقع پر مختلف تفریحی اور ثقافتی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا جن میں کشتی رانی، سفاری، قبائلی رقص و موسیقی، پرندوں کا مشاہدہ، نرنالہ قلعے کی سیر، مہم جوئی کے کھیل، تصویری نمائش اور دیگر دلچسپ پروگرام شامل ہوں گے۔ انتظامیہ نے

 

 

فیصلہ کیا ہے کہ اعلیٰ معیار کے ثقافتی پروگرام ترتیب دیے جائیں اور مقامی فنکاروں کو بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جائے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو۔کلکٹر ورشا مینا نے مزید کہا کہ محصول، جنگلات، آبپاشی اور دیگر محکمے ثقافتی میلہ کی کامیابی کے لیے قریبی ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں۔ غیر سرکاری تنظیموں اور سماجی اداروں کی شمولیت سے اس تقریب کو عوامی رنگ دینے کی ضرورت ہے تاکہ میلگھاٹ کے قدرتی اور ثقافتی ورثے کو وسیع پیمانے پر متعارف کرایا جا سکے۔نرنالہ قلعہ، جو میلگھاٹ کے جنگلات کے دامن میں واقع ہے، اس فیسٹیول کا مرکزی مقام ہوگا۔ یہاں کے سرسبز نظارے، تاریخی عمارتیں اور قبائلی فنون اس علاقے

 

 

کی انفرادیت کو نمایاں کرتے ہیں۔ ضلع انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس مہوتسو کے ذریعے آکولہ ضلع میں سیاحت کے نئے دروازے کھلیں گے اور میلگھاٹ کی قدرتی خوبصورتی و قبائلی ورثہ کو نئی شناخت ملے گی۔میلگھاٹ کا نرنالہ ثقافتی میلہ نہ صرف ایک ثقافتی تقریب ہوگی بلکہ یہ فطرت، تاریخ اور انسانی ورثے کے درمیان ایک پائیدار رشتہ جوڑنے کی کوشش بھی ہے جو آنے والے برسوں تک یادگار رہے گا۔

 

 

ضلع کلکٹر ورشا مینا کی عوام سے اپیل ۔ ضلع کلکٹر ورشا مینا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نرنالہ مہوتسو میں بڑی تعداد میں شریک ہو کر میلگھاٹ کے قدرتی حسن، قبائلی ورثے اور نرنالہ قلعے کی تاریخی ثقافت کا لطف اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی، سہولیات اور انتظامات کی مکمل تیاری کر لی ہے۔ عوام کی بھرپور

 

شرکت اس تاریخی فیسٹیول کی اصل کامیابی اور ترقی و سیاحت کے نئے امکانات کا سبب بنے گی۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button