تلنگانہ

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اسمبلی سے آر ٹی سی بس میں سفر کر کے سب کو چونکا دیا

حیدرآباد _  تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ایک سادہ اور عوامی انداز اختیار کرتے ہوئے آر ٹی سی بس میں سفر کر کے توجہ حاصل کرلی۔ اسمبلی اجلاس کے اختتام کے بعد چیف منسٹر نے وزرا کے ہمراہ اسمبلی سے بنجارہ ہلز میں واقع پرساد لیبز تک تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس میں سفر کیا۔

 

ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کا یہ اقدام عوامی ٹرانسپورٹ کے فروغ اور عام شہریوں کے مسائل کو قریب سے سمجھنے کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔ بس میں سفر کے دوران چیف منسٹر اور وزرا نے سڑکوں کی صورتحال، ٹریفک نظم و نسق اور آر ٹی سی خدمات پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔

 

بعد ازاں پرسادلِیبز میں چیف منسٹر نے وزرا اور کانگریس کے سینئر قائدین کے ساتھ سماجی مصلح مہاتما جوتی با پھولے کی زندگی پر مبنی خصوصی طور پر نمائش کے لئے پیش کی گئی فلم پھولے دیکھی۔ اس موقع پر فلم کے پیغام، سماجی اصلاحات اور مساوات کے موضوعات پر بھی گفتگو کی گئی۔

 

سیاسی حلقوں میں چیف منسٹر کے اس بس سفر اور فلم بینی کو ایک علامتی پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس کا مقصد عوام سے قربت، سادگی اور سماجی شعور کو اجاگر کرنا بتایا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button