جرائم و حادثات

ناگپور میں لگژری کار لمحوں میں خاکستر، خاندان بال بال بچ گیا

ناگپور ۔(محمد راغب دیشمکھ کی خصوصی رپورٹ)ناگپور کے کرپلانی چوک کے قریب جمعہ کی شام تقریباً چار بجے اس وقت سنسنی پھیل گئی جب سڑک پر تیزی سے دوڑتی ایک لگژری کار (MH03-BW-6939) کے اگلے حصے سے اچانک دھواں اور چنگاریاں نکلنے لگیں۔ چند ہی لمحوں میں پوری گاڑی شعلوں کی لپیٹ میں آ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے جل کر خاکستر ہو گئی۔

 

 

کار میں سوار خاتون، ایک کمسن بچی اور ایک نوجوان نے بروقت گاڑی سے اتر کر اپنی جان بچائی۔ممبئی کے رہائشی سوبودھ موگٹے (39) اپنی اہلیہ کیرتی موگٹے اور 11 سالہ بیٹی دیوانشی کے ساتھ تاڈو با سفاری سے پانڈھرُونا کی طرف واپس لوٹ رہے تھے۔ تقریباً 4 بج کر 15 منٹ پر جیسے ہی ان کی کار کرپلانی چوک پہنچی تو اچانک بونٹ سے دھواں اٹھنے لگا۔ صورتحال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے سوبودھ نے فوراً گاڑی کو دِکْشابھومی کی سمت موڑا اور چند ہی فاصلے پر روک دیا۔تینوں افراد جیسے ہی گاڑی سے نکلے اور سامان نکالنے کی کوشش کی، کار یکایک آگ کے گولے میں تبدیل ہوگئی

 

 

اور پوری طرح جل کر راکھ بن گئی۔ اس دوران راہگیروں کی بھیڑ جمع ہو گئی اور سوبودھ و ان کے اہلِ خانہ کے چہروں پر خوفِ آتشزدگی صاف جھلک رہا تھا۔اطلاع ملتے ہی کاٹن مارکیٹ فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا اور بڑی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ ٹریفک پولیس نے بھی فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹریفک کی صورتحال سنبھالی۔ فائر بریگیڈ کے مطابق ابتدائی جانچ میں شبہ ہے کہ کار میں آگ لگنے کی وجہ وائرنگ میں شارٹ سرکٹ ہوسکتا ہے۔یہ کار 2015 ماڈل بتائی جا رہی ہے۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

 

 

فائر حکام کا کہنا ہے کہ اگر ڈرائیور بروقت سمجھداری نہ دکھاتے اور گاڑی فوراً نہ روکتے تو ایک بڑا حادثہ پیش آسکتا تھا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button