آکوٹ فیل میں لرزہ خیز واردات؛ تیز دھار چاقو سے بیوی کا قتل، شوہر گرفتار

آکولہ ،۲۵ نومبر (ڈاکٹر محمد راغب دیشمکھ کی رپورٹ ) شہر کے آکوٹ فیل علاقے میں پیر کی صبح پیش آنے والے ایک دل دہلا دینے والے واقعے نے شہر کو ہلا کر رکھ دیا۔ بیوی کے کردار پر شبہ اور مسلسل گھریلو تنازعات کے باعث شوہر نے طیش میں آکر اپنی ہی بیوی کا تیز دھار چاقو سے گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔
دونوں کے درمیان طلاق کا مقدمہ عدالت میں زیرِ سماعت تھا، مگر اس دوران بھی وہ ایک ہی گھر میں رہ رہے تھے اور آئے دن جھگڑے شدت اختیار کر رہے تھے۔ پیر کے روز ہونے والی تکرار اس قدر بڑھی کہ شوہر نے انتہائی سنگین قدم اٹھاتے ہوئے بیوی کی جان لے لی۔ اس خونریز واردات سے آکولہ شہر میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ آکوٹ فیل پولیس نے ملزم شوہر کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آکوٹ فیل پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع راجو نگر کے رہائشی شیخ راجو شیخ نظام (عمر 41 سال) اور ان کی بیوی شیخ شمیم شیخ راجو (عمر 36 سال) کے درمیان کافی عرصے سے گھریلو اختلافات چل رہے تھے۔ شوہر بیوی کے کردار پر شبہ کرتا تھا، جس کے باعث دونوں کے درمیان مستقل جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔ اسی بنا پر دونوں نے عدالت میں علیحدگی کے لیے درخواست بھی دائر کر رکھی تھی۔ اگرچہ طلاق کا معاملہ عدالت میں چل رہا تھا، لیکن اس کے باوجود دونوں ایک ساتھ رہ رہے تھے اور ان کے درمیان جھگڑے معمول بن چکے تھے۔
پیر کی صبح بھی شیخ راجو نے بیوی پر کردار کے حوالے سے شبہ ظاہر کرتے ہوئے بحث شروع کی۔ بحث رفتہ رفتہ شدید جھگڑے میں بدل گئی اور معاملہ اس قدر بگڑا کہ شیخ راجو نے غصے میں آکر گھر میں رکھا تیز دھار چاقو اٹھایا اور بیوی شیخ شمیم کے گلے پر پے در پے وار کر دیے۔ شدید زخمی حالت میں خاتون کو مقامی شہریوں نے فوری طور پر علاج کے لیے سرکاری اسپتال پہنچایا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی آکوٹ فیل پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور ملزم شیخ راجو شیخ نظام کو حراست میں لے لیا۔ فورینسک ماہرین اور ڈاگ اسکواڈ کو بھی موقع پر بلایا گیا۔
اعلیٰ افسران نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس واقعے کی تفتیش پولیس سپرنٹنڈنٹ ارچیت چانڈک، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ریڈی، سٹی سب ڈویژنل پولیس آفیسر سدرشن پاٹل کی نگرانی میں پولیس انسپکٹر شیخ رحیم، سب انسپکٹر جناردن کھنڈیراؤ ، شیخ ، ڈی بی
ٹیم اور دیگر عملہ انجام دے رہا ہے۔آکولہ شہر میں پیش آئے اس ہولناک قتل نے عوام میں خوف و ہراس اور بے حد تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔



