نیشنل

کانگریس کے پوسٹر پر سیاہی پھینک دی گئی،کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر تھانے پہنچے۔ مسلم اکثریتی علاقے میں کشیدگی

بلڈانہ،۱ دسمبر (ڈاکٹر محمد راغب دیشمکھ کی رپورٹ)بلڈانہ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات سے عین قبل، ضلع اور پولیس ہیڈکوارٹر والے بلڈانہ شہر میں کانگریس کے انتخابی پوسٹر کو سیاہی پھینک کر مسخ کر دیا گیا۔ اس واقعے کے بعد مسلم اکثریتی علاقے میں آج صبح شدید کشیدگی پیدا ہوگئی اور شہر کے سیاسی حلقوں سمیت عوام میں بھی کھلبلی مچ گئی۔

 

شہر کے تیلگو نگر چوک میں ایک گھر پر بقائدہ اجازت لے کر لگائے گئے کانگریس کے انتخابی پوسٹر پر کسی نامعلوم شخص نے سیاہ تیل پھینک کر اسے خراب کر دیا۔ آج پیر یکم دسمبر کی صبح جب یہ منظر کچھ کارکنوں اور شہریوں کی نظر میں آیا تو فوراً ہی علاقے میں یہ بات پھیل گئی اور لوگوں کا ہجوم چوک میں جمع ہونے لگا۔ سماجی کارکن اور کانگریس امیدوار وسیم شیخ، ندیم شیخ بھی موقع پر پہنچ گئے۔ اطلاع ملتے ہی بلڈانہ سٹی پولیس

 

اسٹیشن کے افسران، پولیس عملہ اور میونسپلٹی کے اہلکار بھی وہاں پہنچ گئے۔یہ پوسٹر کانگریس کے صدراتی امیدوار لکشمی دتہ کاکس کا تھا۔ پولیس نے میونسپلٹی ملازمین کی مدد سے سیاہی سے آلودہ پوسٹر کو اتار دیا۔ پولیس اور علاقہ کے معززین نے لوگوں کو سمجھا بجھا کر منتشر کر دیا، جس کے بعد حالات معمول پر آنے لگے۔بعد ازاں پولیس نے مسخ شدہ پوسٹر اور لوہے کا فریم قبضے میں لے کر سٹی پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا۔ کانگریس کے

 

عہدیداران نے تھانے پہنچ کر اس واقعے کی زبانی شکایت درج کرائی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال بھی تھانے پہنچے اور انہوں نے معاملے کی سنگینی کے پیشِ نظر فوری تفتیش کا مطالبہ کیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ میونسپل انتخاب کے لیے منگل 2 دسمبر کو ہونے والی ووٹنگ کے انتظامات میں مصروف ہونے کے باعث تحریری شکایت کچھ دیر بعد باضابطہ درج کی جائے گی۔بلڈانہ شہر میں میونسپل کارپوریشن کے صدراتی عہدے اور 30 کونسلر کی نشستوں کے لیے کل یعنی 2 دسمبر کو انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ اس مرتبہ کا انتخاب سابق ایم ایل اے اور بھارتیہ

 

جنتا پارٹی کے لیڈر وجے راج شندے، کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر و سابق ایم ایل اے ہرش وردھن سپکال اور شندے شیو سینا کے ایم ایل اے سنجے گائیکواڑ کے درمیان سیاسی وقار کی جنگ بن چکا ہے۔ اس میں سنجے گائیکواڑ کی اہلیہ پوجا گائیکواڑ، اور وجے راج شندے کی اہلیہ ارپتا شندے صدراتی انتخاب لڑ رہی ہیں جبکہ کانگریس نے لکشمی کاکس کو میدان میں اتارا ہے۔پوری انتخابی مہم میں زبردست مقابلہ دیکھا گیا اور اسی دوران ووٹنگ سے عین پہلے کانگریس کے پوسٹر کی بے حرمتی سے

 

شہر میں ہلچل مچ گئی ہے۔ اس واقعے کے بعد پولیس کو کل ہونے والی پولنگ اور پرسوں ہونے والی ووٹوں کی گنتی کے دوران اضافی احتیاط برتنے کی ضرورت ہوگی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button